اپوزیشن اتحاد اقتدار میں آیا تو آسام سے این آر سی ختم کر دیں گے: ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر کہا کہ اگر اپوزیشن اتحاد مرکز میں اقتدار میں آتا ہے تو وہ سی اے اے کو منسوخ کرنے کے علاوہ آسام سے قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کو ختم کر دے گا

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

گوہاٹی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز ایک بار پھر کہا کہ اگر اپوزیشن اتحاد مرکز میں اقتدار میں آتا ہے تو وہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو منسوخ کرنے کے علاوہ آسام سے قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کو ختم کر دے گا۔

ممتا بنرجی نے آسام کے سلچر میں ترنمول کانگریس کے لوک سبھا امیدوار رادھے شیام بسواس کی حمایت میں ایک ریلی میں کہا، ’’بی جے پی نے سی اے اے اور این آر سی کے نام پر لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ پورے ملک نے دہلی، گوہاٹی، سلچر وغیرہ میں افراتفری دیکھی۔ انہوں نے (بی جے پی) عام لوگوں پر بہت سے مظالم کیے ہیں۔ اگر ہم اقتدار میں آئے تو سی اے اے اور این آر سی کو ختم کر دیں گے۔‘‘

آسام ملک کی واحد ریاست ہے جہاں پہلی بار 1951 میں مرتب کردہ این آر سی کو سپریم کورٹ کے حکم پر اگست 2019 میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بنگال کے وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں جمہوریت کو خطرے کا سامنا ہے اور اگر وزیر اعظم نریندر مودی تیسری مدت کے لیے اقتدار میں آتے ہیں تو وہ ملک میں سب کو تباہ کر دیں گے۔


وزیر اعلی نے یہ بھی دعوی کیا، ’’اگر نریندر مودی تیسری بار وزیر اعظم بنتے ہیں تو وہ ملک سے انتخابات ختم کر دیں گے۔ اپوزیشن کیمپ حکومت بناتا ہے تو یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو لاگو نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہلی میں انڈیا بلاک کی حکومت بنتی ہے تو ترنمول مرکز میں رہے گی۔ ترنمول آسام کی چار سیٹوں سلچر، لکھیم پور، کوکراجھار اور بارپیٹا پر الیکشن لڑ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔