نوتقرر 70 اسمبلی مبصرین اپنی ذمہ داری سے کام کریں گے تو پارٹی بنیادی سطح پر مضبوط ہوگی: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ ایم سی ڈی کے انتخابات لڑنے والے بیشتر امیدوار جو گھروں میں خاموش بیٹھے ہیں، اسمبلی مبصرین کو چاہیے کہ وہ ان سے باقاعدہ رابطے میں رہیں اور انہیں دوبارہ سرگرم کریں۔

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ’تنظیم تشکیل مہم‘ کے تحت دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے آج بی جے پی کی ووٹ چوری کے خلاف جاری دستخطی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے نئی تقرری پانے والے 70 اسمبلی حلقوں کے نگرانوں (مبصرین) کی ایک اہم میٹنگ کی۔ دیویندر یادو نے تنظیم تشکیل مہم کے تحت 3، 4، 5 اور 6 بلاکوں والی تمام 70 اسمبلی حلقوں کے نو مقررہ مبصرین سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے راجدھانی دہلی میں ووٹر فہرست کے آئندہ ایس آئی آر (خصوصی گہری نظر ثانی) کو مدنظر رکھتے ہوئے بی ایل اے-2 (بلاک لیول ایجنٹ) کی تقرری پر اپنی بنیادی توجہ مرکوز رکھیں۔ یہ عمل اس لیے بھی نہایت اہم ہو گیا ہے کہ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ بی جے پی کی ووٹ چوری کے انکشاف کے بعد اس معاملے کو سنجیدگی سے اٹھایا تھا۔

میٹنگ میں ریاستی صدر دیویندر یادو کے ساتھ سابق وزیر اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر نریندر ناتھ، بوتھ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین راجیش گرگ، دہلی پردیش کانگریس کے انتظامی انچارج جتن شرما سمیت تمام 70 اسمبلی مبصرین موجود تھے۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر راجیو بھون میں آج نئی تقرری پانے والے اسمبلی مبصرین کی پہلی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ ’’انہیں بوتھ سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی۔ پارٹی نے جو ذمہ داریاں سونپی ہیں انہیں پوری مستعدی، دیانت داری اور مؤثر طریقے سے انجام دینا چاہیے۔ اس کے لیے انہیں لوک سبھا اور ضلعی مبصرین کے ساتھ ساتھ کانگریس کی نظریاتی سوچ پر یقین رکھنے والے شہریوں سے باقاعدہ رابطے میں رہنا ہوگا تاکہ پارٹی کو زمینی سطح پر مزید مستحکم بنایا جا سکے۔‘‘


دیویندر یادو نے کہا کہ ایم سی ڈی کے انتخابات لڑنے والے بیشتر امیدوار جو گھروں میں خاموش بیٹھے ہیں، اسمبلی مبصرین کو چاہیے کہ وہ ان سے باقاعدہ رابطے میں رہیں، انہیں دوبارہ سرگرم کریں اور پارٹی میں متحرک بنائیں تاکہ کانگریس کا ہر کارکن تنظیم میں پوری طرح فعال ہو سکے اور آئندہ آنے والے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے قابل بن سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسمبلی مبصرین ووٹ چوری کے خلاف دہلی کانگریس کی دستخطی مہم میں عوام کو شامل ہونے کی ترغیب دیں تاکہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر بی جے پی کی سازش سے عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔

کانگریس کے ریاستی صدر دیویندر یادو نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ سے پارٹی کی توجہ تنظیم کو مضبوط کرنے پر مرکوز تھی، اور ہر بلاک میں منڈلم اور سیکٹروں کی تشکیل کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ پارٹی کو پوری طرح فعال بنانے کے لیے 150 بلاک کانگریس کمیٹیوں میں نئے صدور کی تقرری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی مبصرین اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی کے پروگراموں کو نافذ کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے، جس سے بوتھ سطح پر تنظیم کو مضبوط بنانے میں بڑا فروغ ملے گا، جو پارٹی کو ہر سطح پر مستحکم کرنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مبصرینٖ اپنی اسمبلیوں میں پارٹی کی سرگرمیوں کے ہم آہنگی کے ذمہ دار اور جواب دہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔