’بیوی اگر آئی ایس آئی ایجنٹ، تو میں را ایجنٹ‘، وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے الزام پر گورو گگوئی کا جوابی حملہ

گورو نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے الزام پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان کے عائد کردہ الزامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ دراصل خود پر لگے الزامات سے سب کا دھیان بھٹکانا چاہتے ہیں۔

گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی کی شریک حیات پر آئی ایس آئی ایجنٹ ہونے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ اس تعلق سے گورو گگوئی نے بھی سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جوابی حملہ کیا ہے۔ انھوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اگر میری بیوی آئی ایس آئی ایجنٹ ہیں تو میں را ایجنٹ ہوں۔

گورو گگوئی نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے ان کے ذریعہ عائدہ کردہ الزامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جس فیملی پر کئی طرح کے الزامات لگے ہیں، وہ مجھ پر بھی الزام لگا رہے ہیں۔ ساتھ ہی گورو گگوئی نے کہا کہ آسام کے وزیر اعلیٰ یہ سارے الزامات اس لیے لگا رہے ہیں تاکہ ان پر لگے الزامات سے سبھی کی توجہ ہٹ جائے۔


قابل ذکر ہے کہ ہیمنت بسوا سرما نے کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی کی شریک حیات (جو کہ برطانیہ کی باشندہ ہیں) ایلزبتھ کولبرن سے متعلق کہا تھا کہ دیر سویر یہ پتہ چل جائے گا کہ جارج سوروس کے ایکوسسٹم کی قیادت میں غیر ملکی طاقتوں نے 2014 میں آسام کانگریس کے ایک بڑے فیصلے کو کس طرح متاثر کیا۔ وقت آنے پر سچائی سامنے آ جائے گی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا تھا کہ جوڑے کو آئی ایس آئی کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات ہونے اور نوجوان باصلاحیت دماغوں کو برین واش و کٹر پسندی کے لیے پاکستان ہائی کمیشن میں لے جانے کے بارے میں اٹھائے گئے سنگین سوالات کے جواب دینے چاہئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔