مراٹھا ریزرویشن کا اعلان 24 تاریخ تک نہیں کیا گیا تو ایک بار پھر بھوک ہڑتال: پاٹل

مراٹھا ریزرویشن کارکن منوج جارنگے پاٹل نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مہاراشٹر حکومت نے 24 اکتوبر تک مراٹھا برادری کے لیے ریزرویشن کا اعلان نہیں کیا تو وہ 25 اکتوبر سے بھوک ہڑتال دوبارہ شروع کریں گے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

یو این آئی

جالنا: مراٹھا ریزرویشن کارکن منوج جارنگے پاٹل نے اتوار کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مہاراشٹر حکومت نے 24 اکتوبر تک مراٹھا برادری کے لیے ریزرویشن کا اعلان نہیں کیا تو وہ 25 اکتوبر سے اپنی بھوک ہڑتال دوبارہ شروع کریں گے۔

جالنا ضلع کے انتروالی سراٹی گاؤں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاٹل نے کہا کہ ان کی بھوک ہڑتال کے علاوہ ہر گاؤں میں سلسلہ وار بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو پہلے ہی 40 دن کا وقت دیا گیا تھا جو 24 اکتوبر کو ختم ہو رہا ہے۔


انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک مراٹھا برادری کے لیے ریزرویشن کا اعلان نہیں کیا جاتا کسی بھی سیاسی رہنما کو ان کے گاؤں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی 25 اکتوبر کو گاؤں انتروالی سراٹی میں طے کی جائے گی۔ پاٹل نے کہا کہ وہ اپنی غیر معینہ بھوک ہڑتال کے دوران پانی، دوا اور علاج قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاستی حکومت کو کافی وقت دیا، لیکن اب ہم انہیں زیادہ وقت نہیں دیں گے، اگر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع ہوتی ہے تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔ انہوں نے مراٹھا برادری کے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ خودکشی جیسا فیصلہ جلد بازی میں نہ لیں اور تحریک پرامن ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرتشدد تحریک کی حمایت نہیں کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ جارنگے پاٹل نے 29 اگست سے 17 دنوں کی بھوک ہڑتال کی تھی اور وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی یقین دہانی کے بعد اسے ختم کر دیا تھا۔ اس وقت شندے حکومت نے ایک ماہ کا وقت مانگا تھا اور پاٹل نے ریاستی حکومت کو ریزرویشن کا اعلان کرنے کے لیے مزید دس دن کا وقت دیا تھا جو 24 اکتوبر کو ختم ہونے والا ہے۔

بھوک ہڑتال ختم کرنے کے بعد پاٹل نے ریاست کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مراٹھا برادری سے خطاب کیا اور انہیں ریزرویشن کے مسئلہ سے آگاہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔