اگر کوئی ملک ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھے گا تو اسے منھ توڑ جواب ملے گا: راج ناتھ

راج ناتھ سنگھ مونا کوٹ کے جولکھیٹ میں سمان یاترا کے دوسرے مرحلے میں شامل ہوئے اور یاترا کو ہری جھنڈی دکھا ئی۔ انہوں نے سابق فوجیوں کے ساتھ یہاں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کیا۔

راج ناتھ سنگھ، تصویر یو این آئی
راج ناتھ سنگھ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نینی تال: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو چین اور پاکستان دونوں کو بیک وقت نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ملک ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھاکر دیکھے گا تو اسے منہ توڑ جواب بھی ملے گا۔ چین کی سرحد سے متصل اتراکھنڈ کے پتھورا گڑھ ضلع سے راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو اپنے دشمنوں کو دو واضح پیغامات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ چھیڑو گے تو چھوڑیں گے نہیں۔ اندر سے ماریں گے اور ہندوستان اور نیپال دوست ممالک ہیں اور دونوں کی دوستی میں کوئی دوری پیدا نہیں کر سکتا۔

راج ناتھ سنگھ مونا کوٹ کے جولکھیٹ میں سمان یاترا کے دوسرے مرحلے میں شامل ہوئے اور یاترا کو ہری جھنڈی دکھا ئی۔ انہوں نے سابق فوجیوں کے ساتھ یہاں ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیک وقت چین اور پاکستان دونوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے سرجیکل اور فضائی حملوں کے ذریعے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر آپ نے چھیڑ چھاڑ کی تو ہم نہیں چھوڑیں گے اور دشمن کی سرزمین کے اندر گھس کر ماریں گے۔

راج ناتھ نے چین کی سرحد سے بھی اسی کی زبان میں پیغام دیا اور کہا کہ ہندوستان کی ثقافت اور روایت رہی ہے کہ وہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار ماحول اور اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ ہندوستان نہ تو کسی ملک پر حملہ کرتا ہے اور نہ ہی کسی کی سرزمین پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن اگر کوئی ملک ہندوستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اسے بھی منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا ہندوستان ہے اور کسی کو بھی خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی جی کی حکومت نے کارگل جنگ سے اس کی شروعات کی تھی اور مودی جی کی حکومت اسے آگے بڑھا رہی ہے۔

مرکزی وزیر نے اس موقع پر فوجیوں کی بہادری کو بھی سلام پیش کیا اور رجانگلہ میں کماون کی 13 بٹالین کی بہادری اورجد و جہد کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے صرف 114 فوجیوں نے دشمن کے سینکڑوں فوجیوں کے دانت کھٹے کئے۔ انہوں نے شہید میجر شیطان سنگھ اور ریٹائرڈ بریگیڈیئر آر بی جٹار کی بہادری پر بھی فخر کیا۔ انہوں نے چین کو یہ پیغام بھی دیا کہ نیپال ہندوستان کا اٹوٹ دوست ہے اور نیپال کے ساتھ ثقافتی رشتوں کے ساتھ روٹی بیٹی کا رشتہ ہے۔ نیپال اور ہندوستان کی دوستی میں کوئی بھی چیز دراڑ نہیں ڈال سکتی۔ کسی کو اس وہم میں نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں نیپال کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل پربھو رام شرما کو حکومت ہند کی جانب سے جنرل آف انڈین آرمی کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

وزیر دفاع نے دھامی حکومت اور خاص طور پر کابینہ کے وزیر گنیش جوشی کی تعریف کی اور کہا کہ اتراکھنڈ کا پانچواں فوجی دھام تاریخی ہونا چاہیے۔ اس کی تعمیر کے نام پر کوئی رسمی کارروائی نہ کی جائے۔ اسے ٹیکنالوجی کے لحاظ سے جدید طریقے سے تیار کیا جانا چاہیے۔ اسے ڈیجیٹل شکل دی جائے۔ تمام شہداء کے ناموں اور پتے کے ساتھ یہاں گاؤں کا بھی ذکر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے ریجانگالہ میں شہداء کے اعزاز میں ایک عظیم الشان یادگار بھی تعمیر کی ہے۔ انہوں نے فوجیوں کے اہل خانہ سے ریجانگالا میں یادگار پر جانے کی اپیل کی۔

اتراکھنڈ کی سرزمین کو بہادروں کی سرزمین بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پتھورا گڑھ بھی ہیروز کی تاریخ سے بھرا پڑا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے لواحقین اور بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی یاد گا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر مرکزی وزیر نے مرکزی حکومت کے تاریخی کاموں کو بھی شمار کیا اور کہا کہ ون رینک ون پنشن کے ساتھ ساتھ ان کی حکومت نے فوجیوں کو نظرثانی شدہ پنشن، رینک کے استعمال کی آزادی کے ساتھ ساتھ پنشن ریگولیشن ایکٹ میں ترمیم کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے سابق فوجیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں جو بھی مسائل درپیش ہوں گے انہیں بھی حل کیا جائے گا۔

اس موقع پر مرکزی حکومت کی ترجیحات کو شمار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت وزیر اعظم مودی کی قیادت میں مشن موڈ میں کام کر رہی ہے۔ سال 2024 کے آخر تک سب کو چھت، سب کو علاج اور ہر گھر میں نل اور پانی فراہم کرنا ان کی حکومت کی ترجیح ہے۔ ملک کے ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے پروگرام کے اختتام پر شہید سمان یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس سے قبل انہوں نے کارگل کے شہید حوالدار کندن سنگھ کھڑائیت کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ، وزیر اعلیٰ سون سنگھ دھامی، کابینی وزیر گنیش جوشی، وشن سنگھ چوفال، رکن اسمبلی اجے تمتا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر مدن کوشک بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔