آئی اے ایس افسر محمد اعجاز اسد 'راشٹریہ گورو ایوارڈ' کے لئے نامزد

انتظامی خدمات اور اپنی اردو شاعری کے لئے مشہور محمد اعجاز اسد کو یہ ایوارڈ نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دیا جائے گا جس کی تاریخ کا کورونا وائرس وبا کی وجہ سے ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

آئی اے ایس افسر محمد اعجاز اسد
آئی اے ایس افسر محمد اعجاز اسد
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس افسر محمد اعجاز اسد کو ایڈمنسٹریشن اور لٹریچر کے شعبوں میں نمایاں کام کرنے پر راشٹریہ گورو ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ انڈیا انٹرنیشنل فرنڈشپ سوسائٹی کی طرف سے یہ ایوارڈ اُن غیر معمولی بھارتی شہریوں کو دیا جاتا ہے جو تعلیم، سیاست و سوشل ورک، فائن آرٹس، انڈسٹری، سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انتظامی خدمات کی مثالی فراہمی اور اپنی اردو شاعری کے لئے مشہور محمد اعجاز اسد کو یہ ایوارڈ قومی راجدھانی نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دیا جائے گا جس کی تاریخ کا کورونا وائرس وبا کی وجہ سے ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ آئی اے ایس افسر ہونے کے علاوہ محمد اعجاز اسد اردو زبان کے شاعر بھی ہیں۔ 'برف زار' ان کا پہلا شعری مجموعہ ہے جس پر انہیں ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ ان کی غزلیں 'ریختہ ڈاٹ او آر جی' پر دستیاب ہیں۔


سن 2012 بیچ کے آئی اے ایس افسر اعجاز اسد فی الوقت کشمیر پاور ڈسکام کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ جموں وکشمیر کے دونوں صوبوں میں بحیثیت ضلع مجسٹریٹ اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اپنی انسانیت نوازی کی وجہ سے لوگوں میں کافی مقبول ہیں۔ اعجاز اسد سرحدی ضلع پونچھ سے آئی اے ایس امتحان پاس کرنے اور قبل ازیں آئی آئی ٹی دلی میں داخلہ پانے والے پہلے نوجوان تھے۔ آئی اے ایس امتحانات پاس کرنے سے قبل انہوں نے آئی آئی ٹی دلی سے میکینکل انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا تھا۔

یو این آئی اردو نے جب اعجاز اسد سے رابطہ قائم کر کے اُن سے پوچھا کہ وہ کونسے کام ہیں جن کی بنا پر انہیں اس ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے، تو ان کا کہنا تھا کہ 'جب انسان اپنی تعریف خود کرتا ہے تو وہ عجیب لگتا ہے۔ اس لئے، میں نے لوگوں کے لئے کیا کیا ہے، میں اس پر خود بات نہیں کرنا چاہوں گا'۔ تاہم ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ 'یہ میں ضرور کہنا چاہوں گا کہ کام کرنے کے لئے جذبہ ہونا چاہیے۔ ایک انسان میں کام کرنے کا جذبہ ہوگا تو اس کے لئے کوئی منزل دور نہیں'۔


یو این آئی اردو نے جب اعجاز اسد کے آبائی علاقے سے تعلق رکھنے والے صحافی ناظم علی منہاس سے رابطہ قائم کیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'اعجاز صاحب میں عوام کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اعجاز اسد صاحب کو جب 2018 میں ضلع پونچھ بحیثیت ضلع مجسٹریٹ بھیجا گیا تھا تو یہاں کے لوگوں کو پہلی دفعہ ایک صحیح انتظامیہ دیکھنے کو ملی تھی۔ انہوں نے ضلع کی ترقی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی تھی۔ وہ اپنے دفتر میں ہر ایک سے ملتے تھے اور ہر ایک کو سنتے تھے۔ کئی بار انہیں سڑک پر بھی لوگوں سے ملتے ہوئے دیکھا گیا'۔ ناظم نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ جب انہیں چند ماہ بعد ضلع پونچھ سے ٹرانسفر کیا گیا تھا تو لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا تھا اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔