ممبئی: گاندھی پر تبصرہ اور گوڈسے کی تعریف کرنے والی آئی اے ایس افسر کا تبادلہ

بی ایم سی کی جوئنٹ میونسپل کمشنر (اسپیشل) ندھی چودھری کے گاندھی مخالف ٹوئٹ کی وجہ سے مہاراشٹر حکومت نے ان کا تبادلہ وزارت میں کر دیا ہے اور ان کے خلاف ’شو کاز‘ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

برہن ممبئی مہانگر پالیکا (بی ایم سی) کی جوئنٹ میونسپل کمشنر (اسپیشل) ندھی چودھری کے گاندھی مخالف ٹوئٹ کی وجہ سے مہاراشٹر حکومت نے ان کا تبادلہ وزارت میں کر دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ندھی کے خلاف شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

حکومت نے ان کے ٹوئٹ کو مہاتما گاندھی کے خلاف مذمت کے بطور لیا، جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔ 2012 کے بیچ کی انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروسز (آئی اے ایس) افسر ندھی چودھری کو ریاستی صدر دفتر میں آبی ترسیل اور حفظان صحت کے شعبہ میں نائب سکریٹری کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہیں ٹوئٹر پر کی گئی اپنی پوسٹ کے حوالہ سے وضاحت کرنے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔


ندھی نے ٹوئٹ میں ریاستی حکومت کو شرم سار کیا اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو اس واقعہ کے حوالہ سے ایک سخت فیصلہ اٹھانے پر مجبور کیا۔ واضح رہے کہ 17 مئی کو ایک ٹوئٹ میں ندھی چودھری نے کہا تھا، ’’150 ویں جینتی کا کیا شاندار جشن چل رہا ہے۔ یہ صحیح وقت ہے جب ہم اپنی کرنسی پر سے ان کے چہرے کو، دنیا بھر سے ان کی مورتیوں کو ہٹا دیں، ان کے نا پر رکھے گئے اداروں/سڑکوں کے نام بدل دیں۔ یہ ہم سبھی کے لئے ایک حقیقی خراج عقیدت ہوگا! 30 جنوری 1948 کے لئے گوڈسے کو شکریہ۔‘‘

اس ٹوئٹ کے بعد سیاسی بھونچال آ گیا، جس کے بعد ریاستی حکومت کو چودھری کے خلاف کارروائی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اپنی نوعیت کے اس عجیب معاملہ پر این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے وزیر اعلیٰ فڑنویس کو ذاتی طور پر لکھے گئے اپنے خط میں ندھی چودھری پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ پوار کا کہنا تھا کہ نازیبا تبصرہ سے بابائے قوم کی بے حرمتی ہوئی ہے اور باپو کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کی شان میں قصیدے پڑھے گئے ہیں۔


ندھی چودھری نے اپنا ٹوئٹ 31 مئی کو ڈلیٹ کر دیا تھا۔ اس کے بعد ندھی نے لکھا، ’’میں نے گاندھی جی سے وابستہ اپنے 17 مئی 2019 کے ٹوئٹ کو ڈلیٹ کر دیا ہے، کیوں کہ کچھ لوگوں نے اسے غلط سمجھ لیا۔ اگر صرف انہوں نے 2011 کے بعد سے میری ٹائم لائن کو دیکھا ہوتا تو وہ سمجھ جاتے کہ میں خواب میں بھی گاندھی جی کی بے حرمتی نہیں کرنا چاہوں گی۔ میں ان کا احترام کرتی ہوں اور آخری سانس تک ایسا ہی کروں گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jun 2019, 9:10 AM