کرکرے پر تبصرہ سے بری پھنسی بی جے پی، بیان سے پلٹی سادھوی!

سبکی ہونے کے بعد بی جے پی نے پرگیہ ٹھاکر کے بیان سے پلہ جھاڑ لیا، وہیں سادھوی پرگیہ نے کہا کہ اگر اس کے بیان سے مخالفین کو حملہ آور ہونے کا موقع مل رہا ہے تو وہ اپنا بیان واپس لیتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھوپال سے پارٹی کی امیدوار سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے شہید پولس افسر ہیمنت کرکرے کے بارے میں دیئے گئے بیان کے بعد بی جے پی کی چہار سو سے سبکی ہونے کے بعد ایک طرف جہاں بی جے پی نے اس بیان سے پلہ جھاڑ لیا ہے، وہیں سادھوی پرگیہ نے کہا ہے کہ اگر اس کے بیان سے اپوزیشن کو حملہ آور ہونے کا موقع مل رہا ہے تو وہ اپنا بیان واپس لیتی ہے۔

قبل ازیں پرگیہ ٹھاکر نے دعوی کیا تھا کہ ممبئی کے انسداد دہشت گردی دستہ کے سابق سربراہ ہیمنت کرکرے نے اسے مالیگاؤں دھماکہ معاملہ میں غلط طریقہ سے پھنسایا تھا اور انہیں اپنے اعمال کی سزا ملی۔ کانگریس کی طرف سے پرگیہ کے بیان پر سخت رد عمل ظہار کیا گیا ہے۔ کارنگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا ہے کہ شہید کے بے عزتی کرنے والے اس بیان پر وزیر اعظم مودی کو معافی مانگی چاہئے اور پرگیہ ٹھاکر پر کارروائی کی جانی چاہئے۔

اب بی جے پی کے چہار سو سے گھر جانے کے بعد سادھوی پرگیہ نے کہا، ’’یہ میرا ذاتی بیان ہے کیوں کہ اذیتیں میں سہی ہیں۔ میں سنیاسی ہوں، یہ میرا مفہوم ہے اور ہم ملک کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ یہ اپنے گھر کی لڑائی ہے اور اگر اپنے گھر کی لڑائی میں میں نے کہا کہ میرا استحصال کیا گیا تو وہ مفہوم غلط ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘ پرگیہ نے کہ کہ اگر دشمنوں کو میرے بیان سے تقویت حاصل ہو رہی ہے تو میں یہ کہوں گی کہ ہم دشمنوں کو مضبوط نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

دریں اثنا کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے بھی بغیر نام لئے پرگیہ ٹھاکر کے بیان کی مذمت کی۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’ہیمنت کرکرے نے ملک کی حفاظتم یں پانی جان گنوائی تھی۔ سبھی کو ان کی عزت کرنی چاہئے۔‘‘ قبل ازیں آئی پی ایس ایسوسیشن نے بھی پرگیہ ٹھاکر کے بیان پر ناراضگی ظاہر کی ہے اور الیکشن کمیشن نے اس بیان پر نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ادھر بی جے نے صاف طور پر کہا ہے کہ کرکرے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے اور بی جے پی انہیں شہید مانتی ہے۔ بی جے پی کے صدر دفترنے جمعہ کو ایک بیان جاری کرکے یہ وضاحت دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی کا واضح موقف ہے کہ آنجہانی ہیمنت کرکرے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ بی جے پی نے ہمیشہ ان کو شہید مانا ہے۔ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان کے بارے میں بی جے پی نے واضح کیا کہ ان کا بیان پارٹی کا موقف نہیں ہے۔ وہ سادھوی پرگیہ کا ذاتی بیان ہے جو برسوں تک انہیں ہونے والی جسمانی اور ذہنی تکلیف کی وجہ سے دیا گیا ہوگا۔

واضح رہے کہ پرگیہ کے مہاراشٹر پولس اے ٹی ایس کے اس وقت کے سربراہ سینئر پولس افسر ہیمنت کرکرے کی شہادت سے متعلق بیان دے کر بی جے پی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ان کے بیان والی ويڈيو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں وہ ہیمنت کرکرے کے بارے میں تبصرہ کر رہی ہے۔ سادھوی پرگیہ مالیگاؤں دھماکہ کیس میں طویل عرصے تک مہاراشٹر اے ٹی ایس کی حراست میں رہی ہے اور اس وقت کرکرے نے بھی ریمانڈ کے دوران اس سے پوچھ گچھ کی تھی۔

سادھوی پرگیہ نے بی جے پی کارکنوں کی کانفرنس میں کہا تھا کہ کرکرے نے پوچھ گچھ کے دوران کافی پریشان کیا تھا، اس لئے اس نے ان سے کہا تھا کہ ’’تیرا سروناش ہوگا‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔