بہار: ’میں اسمبلی اسپیکر عہدہ سے استعفیٰ نہیں دوں گا‘، وجئے سنہا کے بیان سے نئی ہلچل

اسمبلی سکریٹریٹ کی طرف سے جو نوٹس وجئے سنہا کو بھیجا گیا تھا، اسے لینے سے انھوں نے انکار کر دیا، وجئے سنہا کے اس فیصلہ کے بعد بہار اسمبلی کا آئندہ اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے۔

وجے کمار سنہا، تصویر آئی اے این ایس
وجے کمار سنہا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کی سیاست میں اس وقت نئی ہلچل محسوس کی گئی جب بی جے پی لیڈر اور ریاستی اسمبلی میں اسپیکر وجئے کمار سنہا نے اسپیکر عہدہ سے استعفیٰ نہ دینے اعلان کر دیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ انھیں جو نوٹس دیا گیا ہے وہ اصول و ضوابط کے خلاف ہے۔ استعفیٰ سے انکار کرنے کے بعد وجئے کمار سنہا نے کہا کہ ’’عدم اعتماد کی تجویز کے ذریعہ استعفیٰ دینے سے میری عزت نفس کو ٹھیس پہنچے گی۔‘‘

موصولہ خبروں کے مطابق اسمبلی سکریٹریٹ کی طرف سے جو نوٹس وجئے سنہا کو بھیجا گیا تھا، اسے لینے سے انھوں نے انکار کر دیا۔ وجئے سنہا کے اس فیصلہ کے بعد بہار اسمبلی کا آئندہ اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 10 اگست کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے این ڈی اے اتحاد سے رشتہ توڑ کر مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا، اور پھر فوراً ہی نئی حکومت بھی تشکیل پا گئی۔ اس کے بعد مہاگٹھ بندھن کے 40 سے زائد اراکین اسمبلی نے وجئے سنہا کے خلاف عدم اعتماد کی تجویز پیش کی تھی۔


واضح رہے کہ بہار کے 243 رکنی اسمبلی میں مہاگٹھ بندھن کے 160 سے زائد اراکین ہیں۔ قیاس لگائے جا رہے ہیں کہ 79 اراکین والی سب سے بڑی پارٹی آر جے ڈی اپنے سینئر لیڈر اودھ بہاری چودھری کو آئینی عہدہ کے لیے نامزد کرتے ہوئے اسپیکر عہدہ کے لیے دعویٰ پیش کرے گی۔ بہار قانون ساز کونسل کے کارگزار صدر اور بی جے پی لیڈر اودھیش نارائن سنگھ کو بھی بدلا جا سکتا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جنتا دل یو اس عہدہ کے لیے دیویش چندر ٹھاکر کے نام پر غور کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔