’میں دنیا میں کسی سے نہیں ڈروں گا‘ حراست میں لئے جانے کے ایک دن بعد راہل گاندھی کا عزم

راہل گاندھی نے عوام کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یومِ پیدائش کی مبارک باد دیتے ہوئے جھوٹ کو سچائی سے جیت لینے کا عزم کیا ہے، گزشتہ روز ہاتھرس جاتے وقت پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا تھا

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راہل گاندھی نے عوام کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یومِ پیدائش کی مبارک باد دیتے ہوئے جھوٹ کو سچائی سے جیت لینے کا عزم کیا ہے۔ راہل گاندھی نے یہ ٹوئٹ پرینکا گاندھی کے ہمراہ عصمت دری کی فوت ہو چکی 19 سالہ متاثرہ کے کنبہ سے ملاقات کے ارادے سے ہاتھرس جاتے وقت یمنا ایکسپریس وے پر پولیس کے روکے جانے، ان کے ساتھ بدسلوکی کرنے، دھکا دے کر گرائے جانے اور حراست میں لے کر رہا کئے جانے کے ایک دن بعد کیا ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’میں دنیا میں کسی سے نہیں ڈروں گا... میں ناانصافی کے سامنے جھکوں نہیں، میں جھوٹ کو سچائی سے جیتوں اور جھوٹ کی مخالفت کرتے ہوئے میں تمام تکالیف کو سہہ سکوں۔‘‘


واضح رہے بدھ کے روز راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی متاثرہ کنبہ سے ملاقت کے لئے دہلی سے ہاتھرس جا رہے تھے لیکن گریٹر نوئیڈا میں پولیس نے ان کے قافلہ کو یمنا ایکسپریس وے سے آگے نہیں جانے دیا تھا۔ اس کے بعد اپنی گاڑیوں کو چھوڑ کر راہل اور پرینکا پیدل ہی ہاتھرس کے لئے چل پڑے تھے۔

تصویر اے آئی سی سی
تصویر اے آئی سی سی

اس کے بعد پولیس نے راہل اور پرینکا کو پیدل بھی آگے جانے سے روک دیا۔ راہل گاندھی، کانگریس کارکنان اور پولیس نوک جھونک کے درمیان پولیس کے دھکے سے راہل گاندھی زمین پر گر گئے۔ اس کے بعد کانگریس کارکنان مشتعل ہو گئے اور پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کر دیا۔ پولیس نے اس کے بعد راہل اور پرینکا کو حراست میں لے لیا، حالانکہ کچھ دیر کے بعد پولیس نے انہیں دہلی بارڈر پر لئے جا کر رہا کر دیا۔


اس کے بعد پولیس نے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت کانگریس کے 200 سے زیادہ کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ مقدمہ گوتم بدھ نگر پولیس کی جانب سے درج کیا گیا ہے۔ کانگریس قائدین پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور وبا کے دوران عام لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں آئی پی سی کی دفعہ 188، 269 اور 270 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Oct 2020, 8:55 AM
/* */