’آپ کے ساتھ کھڑا رہا، آج بھی ہوں، ہمیشہ رہوں گا‘، حزب اختلاف کے قائد کی شکل میں 2 سال مکمل ہونے پر راہل گاندھی کا بیان

راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’’نیٹ کے طلبا کی جنگ ہو، ووٹ چوری کا پردہ فاش ہو یا آئین کی حفاظت، ہر محاذ پر آپ کے ساتھ کھڑا رہا، آج بھی ہوں، ہمیشہ رہوں گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (فائل)، تصویر @INCIndia</p></div>
i

آج کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد کی شکل میں اپنے 2 سال مکمل کر لیے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو کے ساتھ ساتھ عوام کے نام پیغام بھی جاری کیا۔ ویڈیو میں جہاں 2 سالوں کے دوران ان کی فعالیت کو ظاہر کیا گیا ہے، وہیں اپنے پیغام میں راہل گاندھی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ہمیشہ عوام کے مسائل کو سڑک سے پارلیمنٹ تک اٹھاتے رہیں گے۔

’ایکس‘ پر راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد کی شکل میں آج 2 سال پورے ہو گئے۔ ان 2 سالوں کا ہر دن ایک ہی کام رہا، ہر ہندوستانی کی آواز کو اقتدار تک پہنچانا۔‘‘ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’نیٹ کے طلبا کی جنگ ہو، ووٹ چوری کا پردہ فاش ہو یا آئین کی حفاظت، ہر محاذ پر آپ کے ساتھ کھڑا رہا، آج بھی ہوں، ہمیشہ رہوں گا۔‘‘


اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ’’سڑک سے پارلیمنٹ تک آپ کا بھروسہ ہی میری سب سے بڑی طاقت ہے۔ سفر طویل ہے، لیکن عزم وہی... آپ کے لیے ہر جنگ لڑتا رہوں گا۔‘‘ اس پوسٹ کے آخر میں انھوں نے ’’جئے ہند، جئے آئین‘‘ بھی لکھا ہے۔ کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ کی ہے، جس میں راہل گاندھی کے 2 سال مکمل ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’راہل گاندھی نے حزب اختلاف کے قائد کی شکل میں آج 2 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس سفر میں راہل گاندھی نے نوجوان، خواتین، کسانوں، مزدوروں اور غریب سمیت ہر طبقہ کی آواز اٹھائی۔ سڑک سے پارلیمنٹ تک عوام کے حقوق کی جنگ لڑی۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ملک میں ناانصافی کے خلاف ’جَن نایک‘ (عوامی ہیرو) کی جنگ میں ہم سب ان کے ساتھ شامل ہیں اور پرعزم ہو کر لوگوں کے حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔