’امید ہے میں ابھی 40-30 سال مزید زندہ رہوں گا‘، طویل عمری کے لیے منعقد دعائیہ تقریب سے دلائی لامہ کا خطاب
تبتی روحانی پیشوا دلائی لامہ تینجن گیوتسو نے کہا کہ ’’بہت ساری پیشین گوئیوں کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ مجھ پر اولوکتیشور کا آشیرواد ہے۔ میں نے اب تک اپنی بہترین کوشش کی ہے۔‘‘

تبتی روحانی پیشوا 14ویں دلائی لامہ نے ہفتہ کے روز اپنے جانشیں کے اعلان سے متعلق چل رہی افواہوں پر پوری طرح سے فُل اسٹاپ لگا دیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ لوگوں کی خدمت کے لیے آئندہ 40-30 سالوں تک زندہ رہنے کی امید کرتے ہیں۔ ہفتہ کے روز میکلوڈ گنج واقع دلائی لامہ مندر، تسوگلاگ کھانگ میں اپنے 90ویں یومِ پیدائش سے قبل طویل عمری کے لیے منعقد دعائیہ جلسہ میں خطاب کرتے ہوئے دلائی لامہ تینجن گیوتسو نے کہا کہ انھیں واضح اشارے مل رہے ہیں کہ اولوکیتیشور کا آشیرواد ان کے ساتھ ہے۔
تبتی روحانی پیشوا نے تقریب میں موجود لوگوں سے کہا کہ ’’بہت ساری پیشین گوئیوں کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ مجھ پر اولوکتیشور کا آشیرواد ہے۔ میں نے اب تک اپنی بہترین کوشش کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ میں ابھی 40-30 سال مزید زندہ رہوں گا۔ آپ کی دعائیں اب تک ثمر آور رہی ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حالانکہ ہم نے اپنا ملک گنوا دیا ہے اور ہم ہندوستان میں جلاوطنی میں رہ رہے ہیں، لیکن یہیں میں لوگوں کو بہت فائدہ پہنچانے میں اہل رہا ہوں۔ جو یہاں دھرمشالہ میں رہ رہے ہیں، میں جتنا ممکن ہو سکے، لوگوں کو فائدہ پہنچانے اور ان کی خدمت کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ تبتی روحانی پیشوا 14ویں دلائی لامہ تینجن گیوتسو کے 90ویں یومِ پیدائش پر میکلوڈ گنج میں آج سے 2 روزہ تقریب شروع ہوئی ہے۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر کرن رجیجو، اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو، ہالی ووڈ اداکار رچرڈ گیرے اور دیگر لوگ تبتی مندر اور دلائی لامہ کی رہائش میں موجود ہیں۔ میکلوڈ گنج واقع دلائی لامہ مندر کو عالیشان طریقے سے سجایا گیا ہے۔ ہفتہ کی صبح بودھ مٹھ میں دلائی لامہ کی طویل عمری اور صحت مندی کے لیے دعائیہ جلسہ کا انعقاد ہوا۔ صبح 8 بجے شروع ہوئے اس دعائیہ جلسہ میں دلائی لامہ خود موجود رہے۔ اتوار کے روز ان کا یوم پیدائش ہے، اس لیے باضابطہ کیک کاٹنے کا رسم ادا کیا جائے گا اور اس موقع پر دلائی لامہ اپنے مریدوں کو دعا دیں گے۔ 14ویں دلائی لامہ کا 90واں یومِ پیدائش آفیشیل طور پر گریگورین کیلنڈر کے مطابق 6 جولائی کو منایا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔