’میں اپنے گھر کے سامنے بھی نہیں کھیل پاتا‘، درجہ 8 کے بچہ نے وزیر اعظم مودی کو لکھا جذباتی خط

بیتاگیری گاؤں کے لوگ کئی سالوں سے بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ نگر پریشد کو مطلع کیے جانے کے بعد بھی افسران ان کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

8ویں درجہ کے ایک طالب علم نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جذباتی خط لکھا ہے۔ بچے نے گاؤں کی خستہ حال سڑک، سیور اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی کمی کا ذکر اپنے خط میں کیا ہے اور لکھا ہے کہ حالات بہت خراب ہیں۔ اس طالب علم کا نام سائی رام ہے جو کرناٹک کے گڈگ ضلع واقع بیتاگیری گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس بچہ نے میونسپل کارپوریشن کی لاپروائی کے بارے میں وزیر اعظم کو خط لکھا ہے اور اُسے امید ہے کہ وہ ضرور توجہ دیں گے۔

دراصل بیتاگری گاؤں کے لوگ کئی سالوں سے بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ نگر پریشد کو مطلع کیے جانے کے بعد بھی افسران ان کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ بارش کے موسم میں کیچڑ سے بھری سڑک پر لوگوں کا چلنا محال ہو جاتا ہے۔ اس طرح کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سائی رام نے اپنے خط میں مایوسی کا اظہار کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’’گھروں کے سامنے کھیلنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔‘‘


بتایا جاتا ہے کہ مقامی لوگوں نے عوامی نمائندوں اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کو اپنے مسائل کی جانکاری کئی بار دی، لیکن کچھ بھی پیش رفت دیکھنے کو نہیں ملی۔ لوگ 20 سالوں سے پریشان ہیں اور اس کا حل نہیں نکل رہا۔ بچے بھی بنیادی سہولیات کی کمی سے افسردہ رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سائی رام نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا اور انھیں بتایا کہ اس کے گھر کے سامنے والی سڑک کی حالت بہت خراب ہے۔ وہ کئی بار کیچڑ میں بھی گر چکا ہے۔

سینٹ جونس اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے اس بچہ نے خط میں لکھا ہے کہ ’’میں اپنے گھر کے سامنے بھی نہیں کھیل پا رہا ہوں۔ پینے کا پانی وقت پر نہیں آتا ہے، جس سے ہمیں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘ اپنے خط میں بچے نے سڑک اور پینے لائق پانی کا انتظام کرنے کی گزارش کی ہے۔ اب گاؤں والے امید کر رہے ہیں کہ بچے کی گزارش پر وزیر اعظم مودی ضرور نوٹس لیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بچے نے خاص طور سے اپنے کھیلنے کی جگہ کا ذکر کیا ہے، لیکن ساتھ ہی گاؤں والوں کے مسائل کو بھی اپنے خط میں شامل کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔