میں مودی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کر سکتا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ اس الیکشن میں ملک میں دو نظریات کی جنگ ہے جس میں ایک طرف بی جے پی۔آر ایس ایس کے ملک کو بانٹنے، نفرت پھیلانے کانظریہ ہے اور دوسری طرف کانگریس کا لوگوں کو جوڑنے کانظریہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کرنال: کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج دعوی کیا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کر سکتے۔ ہریانہ کانگریس رابطہ کمیٹی کی 'پریورتن ' بس یاترہ کے دوران جگادھري، رادور، لاڈوا، اندری اور کرنال جیسی جگہوں پر ریلیوں اور عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اس الیکشن میں ملک میں دو نظریات کی جنگ ہے جس میں ایک طرف بی جے پی۔آر ایس ایس کے ملک کو بانٹنے، نفرت پھیلانے کانظریہ ہے اور دوسری طرف کانگریس کا عام لوگوں میں بھائی چارہ، محبت اور لوگوں کو جوڑنے کانظریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے کئی وعدے کئے تھے جن میں ہر بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے، نوجوانوں کو دو كروڑ روزگارکے وعدے شامل تھے۔انہوں نے الزام لگایا کہ یہ وعدے پورے کرنے کے بجائے بی جے پی اب لوگوں کو گمراہ کر کےملک کو تقسیم چاہتی ہے۔

کانگریس صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کسانوں کو راحت نہیں پہنچائی لیکن صنعت کاروں کے ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے کے قرض ضرور معاف کئے۔انہوں نے الزام لگایا کہ رافیل طیارے سودے میں وزیر اعظم نے براہ راست اپنے دوست انل امبانی کو تیس ہزار کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے وقت سودے میں رافیل کی قیمت 526 کروڑ روپے تھی جو فی طیارہ 1600 کروڑ ہو گیا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ وزیر اعظم نے ٹیکس ادا کرنے والے کی خون پسینے کی کمائی اپنے دوستوں پر لٹائی ہے۔

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم فصل انشورنس اسکیم کے نام پر کسانوں کے بینک اکاؤنٹس سے ان کی رضامندی کے بغیر پیسے نكلوائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے وقت کسانوں کو کچھ نہیں ملا پر امبانی اور اڈانی جیسوں کی نجی کمپنیوں کو اسکیم کا فائدہ ملا۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعدجی ایس ٹی کے غلط طریقے سے نافذ ہونے سے معیشت تباہ ہوگئی ہے جو ابھی تک پٹری پر واپس نہیں لوٹی ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ انہیں جھوٹے وعدے نہیں کرنا آتا اور مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں کانگریس نے کسانوں کی قرض معافی کا وعدہ پورا کیا ہے۔غریبوں کو کم از کم آمدنی گارنٹی اسکیم کے بارے میں راہل گاندھی نے دعوی کیا کہ یہ اسکیم غریبی مٹانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا کانگریس کی ترجیح ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔