’میں اور ملک کے لاکھوں لوگ آپ کے ساتھ ہیں‘، سونیا گاندھی نے متوفی آئی پی ایس افسر پورن کمار کی اہلیہ کو لکھا خط
سونیا گاندھی نے لکھا کہ ’’وائی پورن کی موت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ آج بھی اقتدار میں بیٹھے لوگوں کا متعصبانہ اور جانبدارانہ رویہ سینئر افسران کو بھی سماجی انصاف سے محروم رکھتا ہے۔‘‘

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کی آئی اے ایس اہلیہ کو خط لکھا ہے۔ سونیا گاندھی کے مطابق پورن کمار کی موت اس بات کی یاد دلاتی ہے کہ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کا متعصب اور جانبدار رویہ سینئر افسران کو بھی سماجی انصاف سے محروم کرتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پورن کی اہلیہ امنیت پی کمار سے کہا کہ وہ اور ملک کے لاکھوں لوگ انصاف کی راہ پر ان کے ساتھ ہیں۔ واضح ہو کہ 2001 بیچ کے آئی پی ایس افسر 52 سالہ وائی پورن کمار نے 7 اکتوبر کو چنڈی گڑھ سیکٹر 11 میں واقع اپنی رہائش پر مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی تھی۔ ان کی اہلیہ امنیت پی کمار ایک سینئر آئی اے ایس افسر، ہریانہ حکومت میں کمشنر اور سکریٹری ہیں۔
سونیا گاندھی نے 10 اکتوبر کو امنیت پی کمار کو لکھے اپنے خط میں کہا کہ ’’آپ کے شوہر اور سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کے افسوسناک انتقال کی خبر حیران کرنے والی اور انتہائی افسوسناک ہے۔ اس مشکل وقت میں، میں آپ کے اور آپ کے پورے اہل خانہ کے تئیں اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’وائی پورن کی موت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ آج بھی اقتدار میں بیٹھے لوگوں کا متعصبانہ اور جانبدارانہ رویہ سینئر افسران کو بھی سماجی انصاف سے محروم رکھتا ہے۔ میں اور ملک کے لاکھوں لوگ انصاف کی اس راہ پر آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘
واضح ہو کہ چنڈی گڑھ پولیس نے جمعہ (10 اکتوربر) کو مبینہ خودکشی معاملہ کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔ حالانکہ وائی پورن کمار کے اہل خانہ نے اب تک پوسٹ مارٹم کرانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ ساتھ ہی ان کی اہلیہ نے ایف آئی آر میں ادھوری جانکاری پر سوال اٹھایا ہے۔ کمار فی الحال روہتک کے سوناریہ واقع پولیس ٹریننگ سنٹر (پی ٹی سی) کے انسپکٹر جنرل کے عہدہ پر تعینات تھے۔ انہوں نے ایک مبینہ سوسائڈ نوٹ چھوڑا ہے، جس میں سینئر افسران کے نام ہیں اور گزشتہ کچھ سالوں میں ہوئے ذہنی استحصال اور توہین کا تذکرہ ہے۔ اپنے 8 صفحات پر مشتمل آخری نوٹ میں پورن کمار نے ہریانہ کے ڈی جی پی شتروجیت کپور اور روہتک کے ایس پی نریندر بجارنیہ سمیت 8 سینئر آئی پی ایس افسران کے نام لیے ہیں، جن پر انہیں مبینہ طور پر پریشان کرنے اور بدنام کرنے کا الزام ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔