جمعہ کو میں لکھنؤ جا رہا ہوں، اس بار یو پی میں آر-پار کی لڑائی ہوگی: راکیش ٹکیت

زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے اور راکیش ٹکیت نے اعلان کر رکھا ہے کہ جب تک مرکز کی مودی حکومت زرعی قوانین کو واپس نہیں لیتی، تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔

راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتر پردیش اسمبلی الیکشن سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ووٹروں کو لبھانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ’پردھان منتری غریب کلیان یوجنا‘ کو لے کر بھی لوگ کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی یو پی الیکشن سے پہلے اپنی شبیہ بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس تعلق سے بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں ’پردھان منتری غریب کلیان یوجنا‘ کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ راکیش ٹکیت نے اناج سے بھری بوری (پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کا اشتہار) کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’مودی-یوگی کا تو بس تھیلا ہے، اس کے اندر اناج تو کسان نے بھرا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے اور راکیش ٹکیت نے اعلان کر رکھا ہے کہ جب تک مرکز کی مودی حکومت زرعی قوانین کو واپس نہیں لیتی، تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔ وہ مختلف ریاستوں کا دورہ کر بی جے پی کی کسان اور عوام مخالف پالیسیوں کے بارے میں بھی بتا رہے ہیں اور اس وقت وہ یو پی اسمبلی انتخاب کے پیش نظر انتہائی منظم انداز میں بی جے پی مخالف مہم چلانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس تعلق سے راکیش ٹکیت نے کہا کہ وہ جمعہ یعنی 6 اگست کو لکھنؤ جا رہے ہیں جہاں ایک میٹنگ ہونے والی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’مشن یوپی‘ کو لے کر کسان پورے صوبے کا دورہ کریں گے۔ اگر کسانوں کو چھیڑا گیا تو باقی کسان بھی تیار بیٹھے ہیں۔ ٹکیت نے واضح لفظوں میں یہ بھی کہا کہ یو پی میں اس بار آر-پار کی لڑائی ہوگی۔


کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے دہلی کی سرحدوں پر جاری احتجاجی مظاہرے کو لے کر کہا کہ ’’یہ اب تک کی سب سے بڑی تحریک ہے۔ یہ تحریک اس وقت تک چلے گی جب تک یا تو یہ حکومت ہے یا جب تک کسان ہے۔‘‘ ٹکیت نے مزید کہا کہ ’’کسان تحریک ابھی مزید طویل چلے گی، اس لیے کسانوں کو امن بنائے رکھنا ہے۔ آخر میں جیت کسان کی ہی ہوگی۔‘‘ اس درمیان راکیش ٹکیت نے اس الزام کو خارج کر دیا کہ جہاں الیکشن ہے کسان لیڈر اسی ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم پورے ملک میں جا رہے ہیں۔ جب تک تینوں زرعی قوانین واپس نہیں ہو جاتے، اور ایم ایس پی کی گارنٹی نہیں مل جاتی، کسان ایسے ہی مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

یو پی مشن کے تعلق سے راکیش ٹکیت نے کہا کہ ’’جو ہمارا اتر پردیش مشن ہے، وہ لکھنؤ سے شروع ہوگا۔ سنیوکت کسان مورچہ کی وہاں پر 5 ستمبر کو پہلی پنچایت ہوگی۔ یہ کوئی سیاسی مشن نہیں ہے۔ یہ کسان مورچہ کا مشن ہے۔ اس کی ہم تیاری کر رہے ہیں۔ لکھنؤ میں ہم ہر جگہ جائیں گے، اپنی بات رکھیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میرے لکھنؤ جانے کو لے کر کہا جا رہا ہے کہ وہاں مت جانا، وہاں یوگی ہے۔ لیکن میں بتا کر جا رہا ہوں، 6 تاریخ کو لکھنؤ جاؤں گا۔ کسی نے ہمیں چھیڑا تو پھر ہمارے لوگ بھی تیار بیٹھے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔