میں کوبرا کمانڈو راکیشور سنگھ کی رہائی کے لئے مسلسل دعا گو ہوں: عمر عبداللہ

عمر عبداللہ کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’میں کوبرا کمانڈو راکیشور منہاس کی بغیر کسی نقصان کے رہائی اور ان کے جلدی اپنے گھر واپس پہنچنے کے لئے مسلسل دست بدعا ہوں‘

عمر عبداللہ، تصویر آئی اے این ایس
عمر عبداللہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ماؤنوازوں کے قبضے میں جموں سے تعلق رکھنے والے کوبرا کمانڈو راکیشور سنگھ منہاس کی بغیر کسی نقصان کے رہائی کی دعا کی ہے، انہوں نے کہا کہ میں راکیشور سنگھ کی بغیر کسی نقصان کی رہائی اور ان کے جلد اپنے گھر واپس پہنچنے کی دعا کرتا ہوں، موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔

ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’میں کوبرا کمانڈو راکیشور منہاس کی بغیر کسی نقصان کے رہائی اور ان کے جلدی اپنے گھر واپس پہنچنے کے لئے مسلسل دست بدعا ہوں‘۔ یاد رہے کہ جموں سے تعلق رکھنے والے راکیشور سنگھ منہاس سی آر پی ایف کی 210 کوبرا بٹالین سے وابستہ ہیں، جو چھتیس گڑھ کے ضلع بیجا پور اور سکما کے جنگلات میں ہفتے کے روز ہونے والے ماؤ نواز حملوں میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔


موصوف جوان ماؤ نوازوں کے قبضے میں ہے تاہم سرکار کی طرف سے اس کی اب تک کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ راکیشور سنگھ کے اہلخانہ نے بدھ کے روز ان کی رہائی کے لئے جموں میں احتجاجی دھرنا دیا۔ ادھر راشٹریہ بجرنگ دل نے جمعرات کے روز بھی موصوف جوان کی رہائی کے لئے جموں میں احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ’دیش کے بیٹے کو واپس لاؤ، واپس لاؤ‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

اس موقع پر بجرنگ دل کی جموں و کشمیر اکائی کے صدر راکیش بجرنگی نے میڈیا کو بتایا کہ جس طرح ونگ کمانڈر ابھینندن کو رہا کرایا گیا اسی طرح اس کوبرا کمانڈو کو بھی رہا کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پورا دیش اس جوان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہے اور مرکزی سرکار اور جموں و کشمیر سرکار کو ان کی رہائی کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔