حیدرآباد کا نام بھی تبدیل کر دیا جائے گا: یوگی آدتیہ ناتھ

حیدرآباد کے کارپوریشن انتخابات کے لئے تشہیر کے دوران یوگی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور اویسی کی پارٹی کا اتحاد ناپاک ہے اور اگر عوام ان کی حمایت کرتے ہیں تو حیدرآباد کا نام بھی تبدیل کر دیا جائے گا

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اگلے ہفتہ ہونے والے جی ایچ ایم سی (گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوشن) کے انتخابات کے لئے تشہیر کے دوران کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) اور اسد الدین اویسی کی آے آئی ایم آئی ایم (آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین) کے درمیان بدعنوان اور ناپاک اتحاد ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ اگر انتخابات میں عوام ان کی حمایت کرتے ہیں تو حیدرآباد کا نام تبدیل کر کے بھاگیہ نگر رکھا جائے گا۔ یوگی نے گزشتہ روز حیدرآباد میں روڈ شو بھی کیا۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، ’’کچھ لوگ مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ کیا حیدرآباد کا نام بدل کر بھاگیہ نگر کیا جا سکتا ہے۔ میں نے کہا، کیوں نہیں؟ میں نے ان سے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے فیض آباد کا نام ایودھیا اور الہ آباد کا نام پریاگراج کر دیا، تو حیدرآباد کا نام بھاگیہ ناگر کیوں نہیں کیا جا سکتا؟‘‘


بی جے پی نے ان انتخابات میں اپنی اعلیٰ قیادت کو اتارا ہے جس میں امت شاہ، پارٹی کے صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اور مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر شامل ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ ریاست کے بی جے پی سربراہ اور کریم نگر سے رکن پارلیمان بنڈی سنجے کے ساتھ ایک بس کے اوپر بنائے گئے عارضی پلیت فارم پر کھڑے تھے۔ انہوں نے حیدرآباد کے جیدی میتلا علاقہ میں روڈ شو کیا جہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود رہے۔

اگرچہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے ذریعے ایک میئر کا انتخاب ہوتا ہے اور ان میں اثر سڑک، بجلی، پانی جیسے مسائل پر بات ہوتی ہے تاہم اس مرتبہ بی جے پی نے اپنی اعلیٰ قیادت کو یہاں اتارا ہے اور تشہیر میں پاکستان، محمد علی جناح، روہنگیا اور ہندو مسلمان کے حوالہ سے بیان بازی کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔