حیدرآباد: تاریخی چار مینار کے دامن میں ہر اتوار کو سنڈے۔فنڈے پروگرام کی تیاری، انتظامات کا جائزہ

شہر حیدر آباد کے ٹینک بنڈ علاقہ میں ”سنڈے فن ڈے“ پروگرام ہر اتوار کو منعقد کیا جاتا ہے۔ 12 ستمبر کو اس سنڈے فن ڈے پروگرام کی شروعات کی گئی تھی، اب چار مینار احاطہ میں بھی اس پروگرام کی تیاری ہو رہی ہے

چار مینار، تصویر یو این آئی
چار مینار، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

حیدر آباد: شہر حیدرآباد کے ٹینک بنڈ پر سنڈے فنڈے پروگرام کی کامیابی کے بعد ہر اتوار کو تاریخی چارمینار کے دامن میں بھی اسی طرح کے پروگرام کی تجویز کے سلسلہ میں حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے آج مناسب تیاریوں کے لئے چار مینار کے اطراف کے علاقوں کا معائنہ کیا۔ ان کے ساتھ ملک پیٹ کے مجلسی رکن اسمبلی احمد بلعلہ، کمشنر پولیس حیدر آباد انجنی کمار، سکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق وشہری ترقی اروند کمار اور دوسرے لوگ موجود تھے۔

اس دورہ کے بعد اروند کمار نے سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئٹر کے ذریعہ اس بات کی اطلاع دی۔انہوں نے تحریر کیا کہ ”ایک شام چار مینار کے نام“۔ اروند کمار نے کہا کہ آنے والے اتوار کو اس پروگرام کے سلسلہ میں ٹریفک سے پاک انتظامات اور راہگیر دوست پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے چارمینار کا آج دورہ کیا گیا۔ ہماری کوشش یہ ہے کہ سبھی کے لئے خوشگوار تجربہ بنایا جائے۔


واضح رہے کہ شہرحیدرآباد کے ٹینک بنڈ علاقہ میں ”سنڈے فن ڈے“ پروگرام ہر اتوار کو منعقد کیا جاتا ہے۔ 12ستمبرکو اس سنڈے فن ڈے پروگرام کی شروعات کی گئی تھی۔ اسی طرز کا پروگرام اب تاریخی چارمینار کے دامن میں بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر بلدی نظم ونسق تارک راما راو کی خواہش پر گزشتہ چند دنوں سے ٹینک بنڈ پر ہر اتوار کو محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے تفریحی پروگرام سنڈے فنڈے منعقد کیا جا رہا ہے، اس پروگرام میں ہزاروں افراد بشمول سیاح شرکت کرتے ہوئے کافی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

اس پروگرام کو کامیاب ہوتے دیکھ کر صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے محکمہ بلدی نظم ونسق کے پرنسپال سکریٹری اروند کمار سے خواہش کی تھی کہ وہ چارمینار کے پاس بھی سنڈے فنڈے پروگرام کے انعقاد کا جائزہ لیں جس پر آج اروند کمار نے صدر مجلس بیرسٹر اویسی، سٹی کمشنر پولیس انجنی کمار، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیشن کمار اور دیگر افسران کے ساتھ چارمینار کا دورہ کرتے ہوئے پروگرام کے انعقاد کا جائزہ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔