حیدرآباد: گنیش فیسٹیول کے پیش نظر مساجد کو شامیانوں سے ڈھانپا گیا

حیدرآباد شہر میں جمعہ کے روز گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا جائے گا، اس سے قبل متعدد مسجدوں کو بڑے بڑے شامیانوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

تصویر بشکریہ دی ہنس انڈیا
تصویر بشکریہ دی ہنس انڈیا
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں گنیش فیسٹیول کے سلسلہ میں پولیس نے وسیع تر بندوبست کئے ہیں اور کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس فورس چوکس ہے۔ شہر میں جمعہ کے روز گنیش مورتیوں کا وسرجن کیا جائے گا، اس سے قبل متعدد مسجدوں کو بڑے بڑے شامیانوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

یو این آئی اردو کے مطابق گنیش جلوس جن راستوں سے ہو کر گزرے گا ان مساجد کو بڑے بڑے شامیانوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی شرپسندی کو روکا جا سکے۔ ہر سال گنیش مورتیوں کے وسرجن سے مساجد کو اسی طرح کپڑوں سے ڈھانپ دیا جاتا ہے، یہ روایت کئی برسوں سے چلی آ رہی ہے۔


ایک رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے گنیش جلوس کے راستوں پر مساجد کے علاوہ درگاہوں اور چلہ جیسی عمارتوں کو بھی کپڑے سے ڈھانپ دیا ہے۔ سنتوش نگر، چندرائن گٹہ، فلک نما، شاہ علی بندہ، افضل گنج، بیگم بازار، نام پلی اور کچھ دوسرے علاقوں میں مساجد اور درگاہوں کو بڑے بڑے کپڑوں میں لپٹا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے حکام یہ اقدام اس لئے کرتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے تاکہ گنیش وسرجن کے موقع پر مسلمانوں کی عبادت گاہیں حادثاتی طور پر رنگوں سے آلودہ ہونے سے محفوظ رہیں۔ اس کے باوجود ان مساجد میں پانچ وقت کی نمازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔