حیدر آباد : جنم اشٹمی جلوس کے دوران ہائی ٹینشن تار کے رابطے میں آیا رتھ، 5 لوگوں کی موت، 4 کی حالت نازک
کچھ لوگوں نے رتھ کو ہاتھ سے کھینچنے کی کوشش کی، تبھی رتھ اوپر سے گزر رہے بجلی کے تاروں کے رابطے میں آگیا۔ زخمیوں میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کا گن مَین شرینواس بھی شامل ہے۔

حیدر آباد کے رامنتھ پور علاقے سے دردناک خبر سامنے آئی ہے۔ شری کرشن جنم اشٹمی کی شوبھا یاترا کے دوران رتھ کے ہائی ٹینشن تار کے رابطے میں آنے سے 5 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 4 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ رامنتھ پور علاقے کے گوپال نگر میں ہوا جو اُپّل پولیس اسٹیشن علاقے میں آتا ہے۔
اچانک ہوئے اس حادثے نے تہوار کی خوشیاں ماتم میں تبدیل کر دیں۔ چیخ و پکار اور بھگدڑ کے درمیان لوگ اپنی جان بچانے کی کوشش کرتے رہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ اُپّل ضلع کے ایس پی نے بتایا کہ کل رات شری کرشن جنم اشٹمی کے جلوس کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے 5 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا اور لاشوں کو پوسٹم مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت ہوا جب شوبھا یاترا کا رتھ کھینچنے والی گاڑی کی مرمت چل رہی تھی۔ کچھ مقامی نوجوانوں نے رتھ کو ہاتھ سے کھینچنے کی کوشش کی، تبھی رتھ اوپر سے گزر رہے بجلی کے تاروں کے رابطے میں آ گیا۔ کرنٹ پھیلنے سے رتھ کھینچ رہے 9 لوگوں کو بجلی کا زبردست جھٹکا لگا، جس میں 5 کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت کرشن یادو (21)، سریش یادو (34)، شری کانت ریڈی (35)، رودر وکاس (39) اور راجندر ریڈی (45) کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمیوں میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کا گن مَین شرینواس بھی شامل ہے، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ رتھ کی اونچائی کی وجہ سے یہ حادثہ کیسے ہوا۔
بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے رہنما کے ٹی راما راؤ نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رامنتھ پور کے گوکل نگر میں ہوئے اس سانحہ نے مجھے جھنجھوڑ دیا۔ میں مہلوکین کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور حکومت سے ان کے کنبہ کی امداد کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مناسب احتیاط برتنے کی گزارش کی۔