حیدرآباد: بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجا پیغمبر اسلامؐ پر توہین آمیز تبصرہ کرنے کے الزام میں گرفتار

بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجا کی اس ویڈیو کے خلاف پیر کی شب شہر میں مظاہرے ہوئے جس میں وہ پیغمبر اسلامؐ پر نازیبا تبصرے کر رہے ہیں، جس کے بعد پولیس معاملہ درج کر کے کارروائی کی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کو منگل کے روز پیغمبر اسلامؐ پر توہین آمیز تبصرے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ حیدرآباد ساؤتھ زون کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پی سائی چیتنیا نے کہا کہ ٹی راجا کے خلاف مذہبی عقیدے کی توہین سے متعلق قانون کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق شہر کے پولس کمشنر سی وی آنند کے دفتر اور حیدرآباد کے دیگر حصوں میں پیر کی شب راجا سنگھ کی جانب سے پیغمبر اسلامؐ کے بارے میں توہین آمیز کلیمات والی ایک ویڈیو جاری کرنے کے بعد احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ جس کے بعد مقدمہ درج کر کے یہ کارروائی کی گئی ہے۔


مظاہرین کا کہنا تھا کہ راجا سنگھ نے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، لہذا انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ چنانچہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹی راجا کو گرفتار کر لیا۔ قبل ازیں، حیدرآباد کے گوشا محل سے رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ نے گزشتہ ہفتے ایک کامیڈی شو میں خلل ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کے شو کو منسوخ کرنے کے لیے تقریباً 50 حامیوں کے ساتھ پنڈال تک پہنچنے کی کوشش کے بعد جمعہ کو پولیس نے انہیں احتیاطاً تحویل میں لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔