حریت قائدین کو مذاکراتی میز پر لانے کے بجائے جیلوں میں ڈال دینا چاہیے: بی جے پی

بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا، ’’حریت کے لوگوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں جیلوں میں بند کیا جانا چاہیے، آدھوں کو تہاڑ جیل بھیج دیں اور آدھوں کو جودھپور جیل بھیج دینا چاہیے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس کے لوگوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کی جانی چاہیے بلکہ انہیں ایسی جیلوں میں مقید کیا جانا چاہیے جہاں درجہ حرارت 70 ڈگری سینٹی گریڈ ہو۔

بدھ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’حریت کے لوگوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں جیلوں میں بند کیا جانا چاہیے، آدھوں کو تہاڑ جیل بھیج دیا جانا چاہیے اور آدھوں کو جودھپور جیل بھیج دیا جانا چاہیے، 70 ڈگری جہاں درجہ حرارت ہوتا ہے حریت کے لوگوں کو ان ہی جیلوں میں بند کیا جانا چاہیے۔‘‘ رینہ نے کہا کہ بات چیت حریت کے بجائے جموں و کشمیر کے ان لوگوں کے ساتھ ہونی چاہیے جنہیں گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ’اگر بات چیت ہونی چاہیے تو حریت کے بجائے ان لوگوں کے ساتھ ہونی چاہیے جن کے گھر قبرستان بن گئے، جن کو مصیبتیں جھیلنا پڑیں، ان لوگوں کے مسائل حل ہونے چاہیے، پنڈتوں کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے، گجر بکر والوں کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے، مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے اور کشمیر کے ان لوگوں سے بات ہونی چاہیے چاہے وہ ہندو ہوں، مسلم ہوں، شیعہ ہوں، سنی ہوں۔ جنہوں نے قربانیاں دی ہیں‘۔

رویندر رینہ نے حریت لیڈروں پر کشمیر کو برباد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا: 'کشمیر کی بربادی کا ذمہ دار جس طرح پاکستان ہے اسی طرح حریت بھی ہے'۔ انہوں نے کہا کہ حریت کے لیڈروں کا ریموٹ کنٹرول پاکستان کے ہاتھوں میں ہے اور یہ لوگ ان کے اشاروں پر یہاں کام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 'حریت لیڈروں کے ریموٹ کنٹرول پاکستان کے پاس ہیں، آئی ایس آئی کے پاس ہیں، پاکستانی فوج کے پاس ہیں جو یہ لوگ وہاں بیٹھ کے چاہتے ہیں حریت کے لوگ اس کو یہاں عمل میں لاتے ہیں'۔


رویندر رینہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہونے والی دو طرفہ تجارت سے ٹرکوں کے ذریعے اشیائے منشیات اور ہتھیاروں کے علاوہ دو نمبر کا پیسہ بھی آتا تھا جو حریت کے لوگوں کو ملتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'جو ایل او سی آر پار تجارت ہے اس سے دو چیزیں آتی ہیں ایک چرس، ہیروئن اور ہتھیار اور دوسرا دو نمبر کا پیسہ آتا ہے جو سب کا سب حریت والوں کو ملتا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2019, 9:10 PM