طوفان ’توکتے‘ کا خطرہ: گجرات ساحل سے 18 مئی کو ٹکرانے کا خدشہ

محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس کے خطرناک طوفان میں بدلنے اور گجرات ساحل سے ٹکرانے کے دوران ہواؤں کی رفتار 155 سے 175 کلو میٹر فی گھنٹے تک ہو سکتی ہے

طوفان توکتے کے پیش نظر کیرالہ میں احتیاطی اقدام لیتی این ڈی آر ایف کی ٹیم  / یو این آئی
طوفان توکتے کے پیش نظر کیرالہ میں احتیاطی اقدام لیتی این ڈی آر ایف کی ٹیم / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

احمدآباد: بحیرہ عرب میں اٹھنے والے گردابی طوفان توکتے کے اگلے 12 گھنٹے میں خطرناک (سیویئر) اور 24 گھنٹے میں بے حد خطرناک (ویری سیویئر) زمرے کے طوفان میں تبدیل ہونے اور 18 مئی کو گجرات کے نالیا اور پوربندر کے درمیان، ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس کے خطرناک طوفان میں بدلنے اور گجرات ساحل سے ٹکرانے کے دوران ہواؤں کی رفتار 155 سے 175 کلو میٹر فی گھنٹے تک ہو سکتی ہے۔ اسی کے ساتھ شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ فی الحال اس کے آس پاس ہواؤں کی رفتار 85 سے 95 کلومیٹر ہے جو آج دیر رات تک 110 سے 135 کلو میٹر فی گھنٹہ اور کل تک 155 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔


مشرقی وسطیٰ اور جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں اٹھنے والا یہ طوفان آج صبح 05:30 بجے گجرات کے ویراول ساحل سے 960 کلو میٹر جنوب۔جنوب مشرق میں واقع تھا۔ اس کے 18 مئی کی دوپہر سے شام تک گجرات میں پوربندر اور نالیا کے درمیان، ساحل سے ٹکرانے اور گذرنے کا امکان ہے۔

اس درمیان، ریاستی حکومت طوفان کے گجرات کی جانب بڑھنے کے الرٹ کے پیش نظر متحرک ہو گئی ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ طوفان کی رفتار اور سمت پر باریکی سے نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس حساب سے تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ ادھر کسی بھی صورت سے نمٹنے کے لیے اڑیسہ سے بھی این ڈی آر ایف کی کچھ ٹکڑیوں کو گجرات بلایا جا رہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ساحلی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔