کرناٹک میں ’حقہ بار‘ پر لگی پابندی، کھلی جگہ پر گٹکھا تھوکنے والوں کو اب 1000 روپے دینا ہوگا جرمانہ
تمباکو خریدنے کی کم از کم عمر 18 سال سے بڑھا کر 21 سال کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی کسی بھی تعلیمی ادارہ کے 100 میٹر دائرے میں سگریٹ یا تمباکو پروڈکٹ فروخت نہیں کیا جائے گا۔

حقہ، تصویر سوشل میڈیا
کرناٹک کی کانگریس حکومت نے 21 سال سے کم عمر کے لوگوں کو سگریٹ فروخت کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ ساتھ ہی ریاست میں ’حقہ بار‘ کو ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات ایکٹ (کوٹپا) 2024 کو منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کرناٹک میں یہ قانون نافذ ہو گیا ہے۔ یہ بل فروری 2024 میں ریاست کے دونوں ایوانوں کے ذریعہ پاس کیا گیا تھا۔ اسے کرناٹک میں نافذ کرنے کے لیے 2003 کے مرکزی ایکٹ میں ترمیم کی گئی ہے۔
یہ بل صدر جمہوریہ کی منظوری کے لیے بھیجا گیا تھا، کیونکہ اس میں ایک مرکزی ایکٹ میں ترمیم کی گئی تھی۔ صدر جمہوریہ کے دستخط کے بعد اب ریاستی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے کہ ریاست میں 21 سال سے کم عمر کے اشخاص کو سگریٹ اور تمباکو مصنوعات فروخت نہیں کیے جائیں گے۔ ریاست میں اب ’حقہ بار‘ بھی نہیں چلایا جائے گا۔ علاوہ ازیں عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی اور گٹکا تھوکنے پر جرمانہ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
فی الوقت تمباکو مصنوعات خریدنے کی کم از کم عمر 18 سال تھی، جس کو اب بڑھا کر 21 سال کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی تعلیمی ادارہ کے 100 میٹر دائرے میں سگریٹ یا دیگر تمباکو مصنوعات فروخت کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ عوامی مقامات پر تمباکو مصنوعات کا استعمال ممنوع ہے اور کوئی بھی شخص عوامی مقامات پر تمباکو مصنوعات کا استعمال نہیں کر سکتا۔
ترمیم شدہ قوانین کے مطابق اب کوئی شخص، چاہے خود یا کسی دیگر شخص کی طرف سے، کسی بھی مقام پر، جس میں ریستوراں، ہوٹل یا دیگر مقامات شامل ہیں، حقہ بار نہیں کھولے گا۔ حقہ بار چلا کر اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک سے تین سال کی جیل اور 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح عوامی مقامات پر گٹکا تھوکنے اور سگریٹ پینے کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے جرمانہ 200 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔