رام پور میں آج سے 27 دسمبر تک’ہنر ہاٹ‘ : مختار عباس نقوی

رام پور میں منعقدہو رہے “ہنر ہاٹ” میں ملک کے کونے کونے سے نایاب دیسی مصنوعات اور ملک کے ہر حصے کے لذیذ پکوان ملیں گے

فائل تصویر آئی اے این ایس 
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہےکہ "ہنر ہاٹ"، "خودکفیل ہندوستان" کے عزم کو پورا کرنے اور ملک کے کونے کونے سے ہنر مند کاریگروں، دستکاروں اور معما روں کو بڑے پیمانے پر روزگار اور روزگار کے مواقع سے مربوط کرنے کے لئے ایک مضبوط مہم ثابت ہوئی ہے۔

مرکزی وزیر نقوی نے 18 سے 27 دسمبر تک اترپردیش کے رام پور میں منعقدہونے والے "ہنر ہاٹ" کے موقع پر کل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رام پور میں "ہنر ہاٹ" کا افتتاح کل، 18 دسمبر کو مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہ اور اسمال، مائیکرو اینڈ میڈیم انڈسٹریز مسٹر نتن گڈکری کریں گے۔ بطور مہمان خصوصی،کھا دی اینڈ گرام اُدھیوگ انڈسٹریز کمیشن کے چیئرمین مسٹر ونئے کمارسکسینہ؛ اترپردیش کے کھادی اور گرام اُدھیوگ، اسمال، مائیکرو اینڈ میڈیم انڈسٹریز کے وزیر سِدھارتھ ناتھ سنگھ اور اتر پردیش کے وزیر مملکت برائے پانی، بجلی جناب بلدیو سنگھ اَولکھ رہیں گے۔


انہوں نے کہا کہ "ہنر ہاٹ"، وزیر اعظم نریندر مودی کے "ووکل فار لوکل" کے اعلان کو تعبیر بخشنے کے ساتھ ہی " سوَدیشی مشن " کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں منعقدہ "ہنر ہاٹ" میں، رام پور کے کاریگروں اور دست کاروں کو بھی موقع مہیاّ کرایا گیا تھا، آج خود "ہنر ہاٹ" رام پور کی دہلیز پر موجود ہے جہاں ملک بھر کے دست کار اپنی نایاب دیسی ساخت کے ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات کے ساتھ حاضر ہیں۔

مسٹر نقوی نے کہا کہ رام پور میں منعقدہو رہے "ہنر ہاٹ" میں ملک کے کونے کونے سے نایاب دیسی مصنوعات اور ملک کے ہر حصے کے لذیذ پکوان ملیں گے۔ اس کے علاوہ ملک کے مشہور فنکاروں کے ذریعہ روزانہ پیش کیے جانے والے روایتی و ثقافتی پروگرام یہاں آنے والے لوگوں کے لئے توجہ کا مرکز ہوں گے۔ اس "ہنر ہاٹ" میں، آنے والے لوگ "تکثیریت میں اتحاد کی ثقافت" کو بہ نفسِ نفیس محسوس کر سکیں گے۔


انہوں نے کہا کہ رام پور کے”ہنر ہاٹ“ میں اترپردیش، راجستھان، دہلی، ناگالینڈ، مدھیہ پردیش، منی پور، بہار، آندھراپردیش، جھارکھنڈ، گوا، پنجاب، اتراکھنڈ، لداخ، کرناٹک، گجرات، ہریانہ، جموں و کشمیر، مغربی بنگال، مہاراشٹر، چھتّیس گڑھ، تاملناڈو، کیرالہ اور دیگر علاقوں سے ہنر کے استاد کاریگر اپنے ساتھ لکڑی، پیتل، بانس، شیشے، کپڑے، کاغذ، مٹی وغیرہ کی عمدہ اور شاندار مصنوعات لے کر آئے ہیں۔

جناب نقوی نے کہا کہ وُوڈ آئرن کی مصنوعات، لکڑی اور مٹی کے کھلونے، ہینڈلوم کی مصنوعات، روایتی جڑی بوٹیاں، ہربل مصنوعات، رامپوری چاقو، رامپوری وائلن، کھادی کی مصنوعات، بلیک پاٹری، بانس۔ بینت کے سامان، خشک پھول، آئل پینٹنگ، ٹائیگر پرنٹ وغیرہ کی شاندار۔جاندار مصنوعات۔ رام پور کے "ہنر ہاٹ" میں دستیاب ہیں۔


”ہنر ہاٹ“، رامپور میں 18 اور 19 دسمبر کو سشیل جی مہاراج کے ذریعہ "شری رام راجیہ" پر مبنی رام لیلا لوگوں کی توجّہ کا اصل مرکز ہو گی۔اس کے علاوہ 27دسمبر کو "کوی سمیلن" کا انعقاد کیا جائے گا جہاں ملک کے مشہور شعراء جیسے ڈاکٹر انا میکا امبر، پاپولر میرٹھی، ڈاکٹر سنیل جوگی، ڈاکٹر سریش اوستھی، نکہت امروہوی، شمبھو شکھر، من ویر مدھر، ڈاکٹر سریتا شرما، منظربھوپالی، سود یپ بھولا، گجیندر سولنکی جیسے کوی(شعراء) اپنے پروگراموں سے لوگوں کو مسحور کریں گے۔

آنے والے دنوں میں "ہنر ہاٹ" کا انعقاد جے پور، چندی گڑھ، اندور، ممبئی، حیدرآباد، نئی دہلی (انڈیا گیٹ)، رانچی، کوٹا، سورت / احمد آباد، کوچی وغیرہ مقامات پر ہوگا۔ ان ”ہنر ہاٹ“ کی تاریخیں جلد طے کر دی جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔