کشمیر: سکھ جوان نے معذور بچے کو اپنے ہاتھوں سے کھلایا کھانا، ویڈیو وائرل

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ناخیز بچہ دکان کے برآمدے میں بیٹھا ہوا ہے اور سی آر پی ایف اہلکار کھڑا ہوکر بچے کو اپنے ٹفن سے اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلا رہا ہے اور اس دوران بچے کا منہ بھی صاف کرتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ایک ویڈیو میں ایک سی آر پی ایف اہلکار کو ایک جسمانی طور سے ناخیز بچے کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، کو عوامی حلقوں میں کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو سری نگر کے حساس ترین پائین شہر کے علاقہ نوا کدل کا ہے۔

ویڈیو میں سی آر پی ایف اہلکار جس کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل ڈرائیور اقبال سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، کو ایک جسمانی طور سے ناخیز بچے کو اپنے ہاتھوں سے اسی طرح کھانا کھلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس طرح ایک ماں اپنے بچے کو محبت سے کھانا کھلاتی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ناخیز بچہ دکان کے بر آمدے میں بیٹھا ہوا ہے اور سی آر پی ایف اہلکار کھڑا ہوکر بچے کو اپنے ٹفن سے اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلا رہا ہے اور اس دوران بچے کا منہ بھی صاف کرتا ہے اور اس کو پانی بھی پلاتا ہے۔


28 سکینڈ پر محیط اس ویڈیو کو عوامی سطح پر جہاں کافی پذیرائی مل رہی ہے وہیں سوشل میڈیا اور عام محفلوں میں موضوع بحث بن گیا ہے، اس ویڈیو سے پُرآشوب حالات کے گھٹا ٹوپ اندھیرے میں انسانیت کی ایک کرن جاگزین ہوئی ہے۔ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اب تک ہزاروں بار شیئر کیا گیا ہے اور لاکھوں لوگوں نے اس کو دیکھا بھی ہے اور پسند بھی کیا ہے۔ پہلے کہا جا رہا تھا کہ انسانیت کی مثال قائم کرنے والا یہ وردی پوش انسان جموں و کشمیر پولس سے وابستہ ہے لیکن سری نگر سیکٹر سی آر پی ایف نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر کہا کہ اعلیٰ انسانی خدمت انجام دینے والا یہ اہلکار سی آر پی ایف سے وابستہ ہے۔


سری نگر سیکٹر سی آر پی ایف نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا 'انسانیت تمام مذاہب کی ماں ہے۔ سری نگر سیکٹر سی آر پی ایف کی 49 ویں بٹالین سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل اقبال سنگھ جو امن و قانون کے قیام کی ڈیوٹی پر تعینات ہے، سری نگر کے نواکدل علاقے میں ایک جسمانی طور سے ناخیز کشمیری بچے کو کھانا کھلا رہا ہے اور آخر میں اس کو کہتا ہے! پانی چاہیے؟ بہادری اور رحمدلی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں'۔


سی آر پی ایف کے ایک سینئر افسر کشپ کڈاگٹور نے ایک ٹوئٹ میں کہا 'سی آر پی ایف سری نگر سیکٹر کے ہیڈ کانسٹیبل ڈارئیور اقبال سنگھ سری نگر کے پائین شہر کے نوا کدل علاقے میں ایک جسمانی طور سے ناخیز بچے کو کھانا کھلاتا ہے اور اسی روز دوپہر کو اس کے ساتھ چائے کا پیالہ بھی شیئر کرتا ہے، سی آر پی ایف کے آئی جی سری نگر ان سے ملیں گے اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے'۔


دریں اثنا پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سی آر پی ایف اہلکار کے اس قابل ستائش اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا 'کشمیر میں مسلح افواج کو ایک ہی نظر سے دیکھا جاتا ہے لیکن وہ تصور کھبی کھبی غلط بھی ثابت ہوتا ہے، میں اس سی آر ایف اہلکار کی رحمدلی اور انسانی حس کو سلام پیش کرتی ہوں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔