فرخ آباد میں انسانیت شرمسار! بی جے پی لیڈر نے چوری کے شبہ میں 5 ویٹروں کو زنجیروں میں باندھا، رات بھر بنایا یرغمال

یوپی کے فرخ آباد سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں گیسٹ ہاؤس کے مالک نے موبائل چوری کے شبہ میں 5 ویٹروں کو 12 گھنٹے تک زنجیروں میں جکڑ کر کولڈ اسٹوریج میں یرغمال بنا کر رکھا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

فرخ آباد: اتر پردیش کے فرخ آباد سے انسانیت کو شرمسار کرنے والا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ یہاں کے ایک گیسٹ ہاؤس میں شادی کی تقریب میں یومیہ اجرت پر ویٹر کے طور پر کام کرنے آئے پانچ نوجوانوں کو موبائل چوری کے شبہ میں 12 گھنٹے تک زنجیروں میں جکڑ کر رکھا گیا۔ یہی نہیں زنجیروں میں تالے بھی لگائے گئے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

دراصل کمال گنج کے ایک گیسٹ ہاؤس میں شہر میں رہنے والے ایک ویٹر کا ٹھیکیدار شادی کی تقریب میں ویٹروں کو وہاں لے گیا تھا۔ شادی کی اس تقریب میں کولڈ اسٹور کے مالک اور ’بی جے پی یوا ویاپر منڈل‘ کے ضلع صدر نتیش مہیشوری بھی اپنے خاندان کے ساتھ پہنچے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ویٹروں نے انہیں کھانا کھلایا۔ اس کے بعد ٹرپ وغیرہ لے کر وہاں صفائی شروع کر دی۔ جبکہ کولڈ سٹور کا مالک فیملی کے ساتھ وہاں سے چلا گیا لیکن تھوڑی دیر بعد واپس آیا اور کہا کہ اس کی بیوی کا موبائل یہاں چوری ہوا ہے۔ ویٹروں سے پوچھا لیکن ویٹر نے موبائل فون ان کے پاس ہونے سے انکار کر دیا۔ اس پر پانچوں ویٹروں کو گاڑی سے کولڈ اسٹوریج لے گئے اور پانچوں ویٹروں کے پیروں میں زنجیریں باندھ دیں۔


اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح کسی نے پولیس کو معاملے کی اطلاع دی۔ جہاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر ویٹرز کو آزاد کر کے تھانے پہنچا دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحریر متاثرہ جانب سے نہیں آئی ہے۔ تحریر موصول ہونے پر کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی ایس ایس پی نے بتایا کہ معاملہ ان کے علم میں آیا ہے۔ متاثرہ فریق کی جانب سے تحریر بھی نہیں دی گئی۔ تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ضروری کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔