انسانی حقوق کمیشن کی ٹیم نے کیا جامعہ کا دورہ

قومی حقوق انسانی کمیشن (این ایچ آر سی) کی ٹیم جمعہ کو جامعہ یونیورسٹی کی لائبریری پہنچی۔ این ایچ آر سی کی سات رکنی ٹیم کی قیادت انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کی سینئر افسر منزل سینی کر رہی تھیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ تشدد معاملہ کی جانچ کے لیے قومی حقوق انسانی کمیشن (این ایچ آر سی) کی ٹیم جمعہ کو یہاں یونیورسٹی کی لائبریری پہنچی۔ این ایچ آر سی کی سات رکنی اس ٹیم کی قیادت انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کی سینئر افسر منزل سینی کر رہی تھیں۔

متھرا روڈ اور نیوفرینڈس کالونی کے پاس مظاہرے کے دوران 15 دسمبر کو ہوئے تشدد کے بعد ہجوم کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس جامعہ کی طرف گئی اور اس دوران لائبریری میں گھس کر طلبا کے ساتھ مارپیٹ کی اور توڑ پھوڑ کی۔


جامعہ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ماجد جمیل نے کہا کہ این ایچ آرسی کی ٹیم نے ذاکر حسین لائبریری کا معائنہ کیا جہاں اتوار کو پولیس نے مبینہ طور پر مظالم ڈھائے تھے۔ اس کے علاوہ ٹیم نے ایڈمنسٹریٹیو بلاک میں جامعہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔

جامعہ میں آٹھویں دن بھی بڑی تعداد میں لوگ مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جامعہ نگر علاقہ میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد بڑے مظاہرے کے اندیشہ کے مدنظر پولیس فورس تعینات کی گئی لیکن کسی طرح کے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔


جنوب مشرقی ضلع کے پولیس کمشنر نے کہا کہ احتیاط کے طور پر شاہین باغ اور جلینا کے پاس سلامتی دستوں کو تعینات کیا گیا لیکن سبھی جگہ امن وامان قائم رہا۔ جامعہ اور شاہین باغ میں لوگ پرامن طریقہ سے مظاہرہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔