ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت کی موت کی وجہ انسانی غلطی، پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ
جنرل بپن راوت کی موت کی وجہ انسانی غلطی قرار دی گئی۔ پارلیمانی کمیٹی نے بتایا کہ 8 دسمبر 2021 کو ایم آئی-17 وی5 حادثے کے پیچھے انسانی غلطی کارفرما تھی

نئی دہلی: 8 دسمبر 2021 کو ہونے والے افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہندوستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور کئی دیگر فوجی اہلکار کی جان چلی گئی تھی۔ حادثہ تمل ناڈو کے کنور کے قریب پیش آیا اور ایم آئی-17 وی5 ہیلی کاپٹر پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ انسانی غلطی تھی۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 13ویں دفاعی منصوبہ بندی کے دوران ہندوستانی فضائیہ کے کل 34 حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 9 حادثات 2021-22 میں جبکہ 11 حادثات 2018-19 میں ہوئے۔ حادثات کے تجزیے میں بتایا گیا کہ اکثر واقعات میں انسانی چوک شامل تھی۔
حادثے کے روز ہیلی کاپٹر سولور ائیر بیس سے ولنگٹن دفاعی خدمات اسٹاف کالج جا رہا تھا۔ افسوسناک طور پر، حادثے میں جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور 11 دیگر اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ شوریہ چکر اعزاز یافتہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ واحد زندہ بچنے والے تھے لیکن شدید زخمی ہونے کے بعد وہ بھی ایک ہفتے کے اندر انتقال کر گئے۔
رپورٹ کے مطابق، وزارت دفاع نے حادثات کے اسباب کو دُہرانے سے بچنے کے لیے تربیت، آلات، آپریشنز اور دیکھ بھال کے تمام پہلوؤں پر نظرثانی کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔