کولکاتا میں میسی کو دیکھنے جمع ہوئی زبردست بھیڑ، بدانتظامی سے لوگوں میں شدید ناراضگی، ممتا بنرجی نے مانگی معافی
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’آج سالٹ لیک اسٹیڈیم میں جو بدانتظامی ہوئی، اس سے میں بہت پریشان اور حیران ہوں۔ میں اس کے لیے لیونل میسی کے ساتھ ساتھ سبھی اسپورٹس شائقین سے معافی مانگتی ہوں۔‘‘
ارجنٹائنا کے مشہور و معروف فٹبالر لیونل میسی ہندوستان میں قدم رکھ چکے ہیں اور کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں انھوں نے اپنے شیدائیوں کا استقبال ہاتھ ہوا میں لہرا کر قبول کیا۔ حالانکہ اسٹیڈیم میں وہ زیادہ دیر نہیں رکے، نہ ہی قریب سے وہ فٹبال شائقین سے ملاقات کر پائے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ زیادہ پیسوں میں ٹکٹ خریدنے کے باوجود اپنے پسندیدہ اسٹار فٹبال کو نہ دیکھ پانے والے ناظرین کا غصہ شدید انداز میں پھوٹ پڑا۔ میدان پر بوتلیں پھینکی گئیں، گیلری میں رکھی کرسیاں توڑ دی گئیں اور سینکڑوں افراد فنسنگ گیٹ کو توڑ کر میدان میں داخل ہو گئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کئی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیڈیم میں فٹ بال شائقین میسی کو نہ دیکھ پانے پر اپنی ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔ اشتعال انگیزی پر آمادہ کچھ لوگوں کو پولیس نے ڈنڈے مار کر بھگانے کی کوشش کی، لیکن انھیں ناکامی ہاتھ لگی۔ پولیس کو آنسو گیس کے گولے بھی داغنے پڑے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ خود مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی میسی کے اعزاز میں اسٹیڈیم پہنچنے کے لیے گھر سے نکلیں، لیکن پہنچ نہیں پائیں۔
اس بدانتظامی پر وزیر اعلیٰ نے سخت حیرت کا اظہار کیا اور فٹ بال شیدائیوں سے معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ ایک جانچ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان بھی کر دیا، جو پورے معاملے کی جانچ کرے گی۔ ممتا بنرجی نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آج سالٹ لیک اسٹیڈیم میں جو بدانتظامی ہوئی، اس سے میں بہت پریشان اور حیران ہوں۔ میں ہزاروں اسپورٹس شائقین اور شیدائیوں کے ساتھ ایونٹ میں شامل ہونے کے لیے اسٹیڈیم جا رہی تھی، جو اپنے پسندیدہ فٹ بالر لیونل میسی کی ایک جھلک پانے کے لیے اکٹھا ہوئے تھے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ میں اس بدانتظامی کے لیے لیونل میسی کے ساتھ ساتھ سبطھی اسپورٹس شائقین سے دل کی گہرائیوں کےس اتھ معافی مانگتی ہوں۔
ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ انھوں نے جسٹس (ریٹائرڈ) آشم کمار رے کی صدارت میں ایک جانچ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمیٹی میں چیف سکریٹری اور ایڈیشنل چیف سکریٹری، ہوم اینڈ ہل افیئرس ڈپارٹمنٹ کے رکن ہوں گے۔ کمیٹی پورے واقعہ کی تفصیلی جانچ کرے گی اور ذمہ داری طے کرے گی۔ یہ کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ترکیب بھی بتائے گی۔
واضح رہے کہ ہفتہ کے روز 11.30 بجے میسی کی کار سالٹ لیک اسٹیڈیم کے مدیان میں داخل ہوئی۔ ان کے ساتھ لوئس سواریز اور روڈریگو ڈی پال بھی تھے۔ فٹ بال شائقین کا جوش دیکھ کر میسی انتہائی پُرجوش دکھائی دیے۔ حالانکہ جیسے ہی وہ کار سے اترے، کئی لوگوں وی آئی پی لوگوں نے انھیں گھیر لیا۔ اس وجہ سے گیلری سے نہ صرف میسی، بلکہ لوئس سواریز اور روڈریگو ڈی پال بھی نظر نہیں آ رہے تھے۔ میسی کو نہ دیکھ پانے سے ناراض فٹ بال شیدائی ’وی وانٹ میسی‘ کا نعرہ بھی بلند کرنے لگے۔ سوشل میڈیا پر ڈالی گئی ایک ویڈیو میں فٹ بال شائقین یہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ 10 سے 12 ہزار روپے کا ٹکٹ انھوں نے خریدا، لیکن میسی کو نہیں دیکھ پائے۔ ایک شخص کہتا ہے کہ کئی سیاسی لیڈران اور فلمی ہستیوں نے میسی کو گھیر رکھا تھا، ایسے میں اسٹیڈیم کے لوگ اپنے اسٹار فٹبال کو کیسے دیکھ پاتے!
بتایا جاتا ہے کہ جیسے ہی میسی اسٹیڈیم پہنچے، کم از کم 75 لوگوں کی بھیڑ نے انھیں گھیر لیا تھا۔ ان میں بیشتر وزراء اور افسران شامل تھے۔ کچھ تو میسی کو ٹھیک سے چلنے کے لیے بھی جگہ نہیں دے رہے تھے۔ وہ کیمروں اور موبائل فون سے تصویریں لینے میں مصروف تھے۔ ایسے میں سیکورٹی گارڈس نے بھی میسی کو گھیر لیا۔ انھوں نے آرگنائزر سے بھیڑ ہٹانے کی گزارش بھی کی۔ اس درمیان میسی کو دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدنے والے فٹ بال شیدائی اسٹیڈیم میں لگی 3 بڑی اسکرین پر ہی منحصر تھے۔ موہن باغان اور ڈائمنڈ ہاربر کے فٹ بالروں سے ملوانے کے بعد بھی وی آئی پی لوگوں کی بھیڑ نے میسی کو گھیر لیا۔ حالات کو کنٹرول میں لانے کے لیے وزیر برائے کھیل اروپ بسواس اور چیف آرگنائزر شتروگھن دتہ کو مائیکروفون پر اناؤنسمنٹ کرنی پڑی۔ اس کے بعد بھی حالات معمول پر نہیں آئے۔ میدان پر میسی 17-16 منٹ رہے، لیکن ایک بار بھی وہ گیلری سے نظر نہیں آئے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں شدید ناراضگی دیکھنے کو ملی۔ جب میسی اسٹیڈیم سے باہر نکلے، تو ناراض لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑا اور اسٹیڈیم میں پوری طرح سے بدانتظامی پھیل گئی۔ بدانتظامی والے حالات کو دیکھ کر ہی میسی 11.52 بجے اسٹیڈیم سے باہر نکل گئے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، شاہ رخ خان اور سورو گانگولی میدان تک پہنچ بھی نہیں پائے۔ ممتا بنرجی تو راستے کے درمیان سے ہی واپس لوٹ گئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Dec 2025, 3:40 PM