سری ہری کوٹا سے لانچ زمین کی نگرانی کرنے والے دنیا کے سب سے مہنگے سیٹلائٹ ’نسار‘ پر کتنا ہوا خرچ؟

چندریان-3، جس نے چاند کے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ کی، اس کی لاگت تھی 615 کروڑ روپے، لیکن نسار کی لاگت 788 کروڑ روپے ہے۔ اس کی لاگت اتنی زیادہ ہونے کی وجہ جدید ٹیکنالوجی اور ناسا کے ساتھ تعاون ہے۔

<div class="paragraphs"><p>’نسار‘ تصویر بشکریہ&nbsp;@NASA</p></div>

’نسار‘ تصویر بشکریہ@NASA

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اور پوری دنیا کے لیے 30 جولائی ایک تاریخی دن بن گیا۔ ناسا اور اسرو کی مشترکہ پروجیکٹ ’نسار‘ (ناسا-اسرو سنتھیٹک اپرچر ریڈار) سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا گیا۔ آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھوان خلائی مرکز سے جی ایس ایل وی-ایف 16 راکٹ کے ذریعہ بدھ کی شام 5:40 ’نسار‘ لانچ ہوا، جسے ہندوستان کی خلائی سائنس میں ایک اہم چھلانگ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ یہ سیٹلائٹ خرچ کے معاملے میں بھی اب تک ایک مثال ہے۔

دراصل ’نسار‘ اسرو کا سب سے مہنگا مشن ہے، جس پر تقریباً 1.5 بلین ڈالر یعنی 12500 کروڑ روپے کا خرچ آیا ہے۔ ساتھ ہی یہ دنیا کا سب سے مہنگا ’ارتھ-ایمیجنگ سیٹلائٹ مشن‘ بھی ہے۔ اگر نسار سیٹلائیٹ کی خاصیت کے بارے میں بات کی جائے تو اس کا وزن 2392 کلوگرام ہے اور یہ ڈُوَل-فریکوینسی ریڈار سسٹم سے لیس ہے۔ یہ پہلا ایسا سیٹلائٹ ہے جو 2 الگ الگ ریڈرا فریکوینسی ناسا کے ایل-بینڈ اور اسرو کے ایس-بینڈ کا استعمال کرے گا۔ اس مشن کا مقصد زمین کی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں جیسے زلزلہ، آتش فشاں، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیروں کی ہلچل اور ماحولیات تبدیلی کو ٹریک کرنا ہے۔ یہ سیٹلائٹ ہر 12 روز میں زمین کا ہائی ریزولیوشن نقشہ تیار کرے گا جو ڈیزاسٹر مینجمنٹ، زراعت اور پانی کے انتظام میں معاون ہوگا۔


ناسا نے اس مشن کے لیے ایل-بینڈ ریڈار، جی پی ایس اور ڈیٹا ریکارڈر دستیاب کرائے ہیں، جبکہ اسرو نے ایس-بینڈ ریڈار، سیٹلائٹ بس اور لانچ سسٹم کا تعاون کیا ہے۔ اسرو کی حصہ داری اس پروجیکٹ میں تقریباً 788 کروڑ روپے کی ہے۔ اسرو کے دیگر مشنوں کے مقابلے میں ’نسار‘ کی لاگت کئی گنا زیادہ ہے۔ مثال کے طور پر اسرو کا منگلیان مشن، جس نے ہندوستان کو مریخ سیارہ تک پہنچایا، صرف 450 کروڑ روپے میں مکمل ہوا تھا۔ چندریان-3 جس نے چاند کے جنوبی قطب پر سافٹ لینڈنگ کی اس کی لاگت تھی 615 کروڑ روپے، لیکن نسار کی لاگت 788 کروڑ روپے ہے۔ نسار کی لاگت اتنی زیادہ ہونے کی وجہ اس کی جدید ٹیکنالوجی اور ناسا کے ساتھ تعاون ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔