’نام کے آگے شنکراچاریہ کیسے لگایا؟‘ پریاگ راج میلہ انتظامیہ کے نوٹس پر سوامی اویمکتیشورانند کا ردعمل آیا سامنے
سوامی اویمکتیشورانند کے مطابق جب سرینگری اور دوارکا کے شنکراچاریہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم شنکراچاریہ ہیں، تو آخر خود کو شنکراچاریہ ثابت کرنے کے لیے مزید کون سا ثبوت پیش کریں؟

پریاگ راج ماگھ میلے میں شنکراچاریہ سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی اور انتظامیہ کے درمیان جاری تنازعہ گزرتے وقت کے ساتھ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں میلہ اتھارٹی کے ذریعہ سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی کو سپریم کورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک نوٹس جاری کر 24 گھنٹے کے اندر جواب مانگا گیا تھا، اس پر سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی کا جواب سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’شنکراچاریہ وہ ہے جسے بقیہ دیگر 3 پیٹھوں کے شنکراچاریہ منظوری دیتے ہیں۔‘‘
سوامی اویمکتیشورانند نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 پیٹھوں دوارکا پیٹھ اور سرینگری پیٹھ کے شنکراچاریہ انھیں شنکراچاریہ کہتے ہیں، پھر کسی طرح کا سوال اٹھنا ہی نہیں چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ماگھ میلے میں ہم کو ساتھ لے کر دونوں شنکراچاریہ ’اسنان‘ کر چکے ہیں۔ اویمکتیشورانند کے مطابق جب سرینگری اور دوارکا کے شنکراچاریہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم شنکراچاریہ ہیں تو آخر کس ثبوت کی ضرورت ہے کہ ہم شنکراچاریہ ہیں کہ نہیں؟ کیا اب انتظامیہ طے کرے گی ہم شنکراچاریہ ہیں کہ نہیں؟ کیا اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یا ہندوستان کے صدر جمہوریہ طے کریں گے کہ شنکراچاریہ کون ہے؟ ہندوستان کے صدر جمہوریہ کو بھی یہ اختیار نہیں کہ وہ یہ طے کریں کہ شنکراچاریہ کون ہے؟
سوامی اویمکتیشورانند سرسوتی کے مطابق شنکراچاریہ کا فیصلہ شنکراچاریہ کرتے ہیں۔ ہم پرعزم ہیں کیونکہ پوری کے شنکراچاریہ نے ہمارے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔ انہوں نے نہ تو یہ کہا کہ وہ شنکراچاریہ نہیں ہیں اور نہ ہی یہ کہا کہ شنکراچاریہ ہیں۔ پوری کے شنکراچاریہ اس معاملے میں خاموش ہیں۔ اس تنازعہ میں سپریم کورٹ میں بھی جو حلف نامہ ان کی جانب سے داخل کیا گیا ہے، اس کے متعلق بھی غلط فہمی پھیلائی گئی کہ انہوں نے اس کی مخالفت کی ہے، لیکن جب سپریم کورٹ سے حلف نامے کی کاپی نکالی تو اس میں لکھا گیا ہے کہ ہم سے کوئی حمایت نہیں مانگی گئی۔ اس لیے ہم نے حمایت نہیں دی ہے۔
اویمکتیشورانند نے نوٹس کے حوالے سے کہا کہ 2 شنکراچاریہ کا براہ راست، تحریری اور عملی حمایت مجھے حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ہی تیسرے پیٹھ کے شنکراچاریہ کی خاموش منظوری مجھے حاصل ہے۔ جیوتش پیٹھ کا آخر کون شنکراچاریہ ہے، یہ بتائیے؟ غیر متنازعہ طور پر جیوتش پیٹھ کے ہم شنکراچاریہ ہیں۔ اگر اس پر کوئی تنازعہ ہوتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس کے ارادے نیک نہیں ہیں۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ میں جیوتش پیٹھ پر شنکراچاریہ ہوں تو وہ آ کر مجھ سے بات کرے۔
پیر کے روز کا حوالہ دیتے ہوئے اویمکتیشورانند نے کہا کہ میں نے کل بھی اپنی بات رکھی تھی۔ دیر رات انتظامیہ میرے کیمپ میں پہنچی اور نوٹس جسپاں کر دیا، ہم لوگوں نے کہا کہ صبح 9 بجے آئیں اور نوٹس دیں، لیکن نوٹس ریسیو نہ کرنے پر اسے چسپاں کر کے چلا گیا۔ نوٹس میں مجھ سے وضاحت طلب کی گئی کہ 24 گھنٹوں میں جواب دیں کہ میں نے اپنے نام کے آگے شنکراچاریہ کیسے لگایا ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پریاگ راج میلہ اتھارٹی کتنی تیزی سے کام کر رہی ہے۔ نوٹس میں سپریم کورٹ کا حوالہ دیا گیا۔ میری طرف سے سپریم کورٹ کے وکیل پی این مشرا اپنا موقف رکھیں گے۔
پی این مشرا نے بتایا کہ جیسا کہ نوٹس میں سپریم کورٹ کا حوالہ دیا گیا ہے کہ سوامی اویمکتیشورانند اپنے کو شنکراچاریہ کیسے لکھ سکتے ہیں؟ عدالت میں عرضی داخل کی گئی تھی کہ سوامی سوروپانند سرسوتی جو انتقال کر چکے ہیں، ان کی جانب سے سوامی اویمکتیشورانند اب شنکراچاریہ ہوں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کہاں لکھا ہے کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ آپ شنکراچاریہ نہیں لکھ سکتے۔ شنکراچاریہ کے طور پر اپنے آپ کی تشہیر نہیں کر سکتے۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں ہی ان کو شنکراچاریہ کہا ہے۔ ان افسران نے جو نوٹس بھیجا ہے، یہ سپریم کورٹ کی عدالتی کارروائی میں دخل اندازی ہے۔ اس کے لیے افسران پر توہین عدالت کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔