لوک سبھا: اعظم خان کے برتاؤ کی ایک آواز میں مذمت، اسپیکر جلد کر سکتے ہیں کارروائی!

لوک سبھا میں جمعرات کو سماجوادی پارٹی کے رکن اعظم خان کے برتاؤ کی آج سبھی پارٹیوں نے ایک آواز ہوکر مذمت کی اور اسپیکر اوم برلا نے جلد کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سماجوادی پارٹی کے رکن اعظم خان کے لوک سبھا میں جمعرات کے روز کے برتاؤ کی آج سبھی پارٹیوں نے ایک آواز ہوکر مذمت کی اور اسپیکر اوم برلا نے جلد کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کئی سینئر وزرا او ربرسراقتدار اور اپوزیشن پارٹی کے اراکین کے ذریعہ جمعہ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھائے جانے پر برلا نے کہا ’’میں نے آپ سب کی بات سنی ہے۔سبھی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ بلاکر اس پر جلد ہی فیصلہ کیا جائےگا۔

اسپیکر نے ایوان کی میز پر ضروری کاغذات رکھوانےکے بعدجیسے ہی وقفہ صفر کی کارروائی شروع کی تو برسر اقتدار اور اپوزیشن کے کئی اراکین اپنی اپنی جگہوں پر کھڑے ہوگئے۔ برلا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی سنگھمترا موریہ کو یہ مسئلہ اٹھانے دیا۔محترمہ موریہ نے کہا کہ جمعرات کو اسپیکر کی نشست پر براجمان محترمہ رمادیوی کے بارے میں جو تبصرہ کیاگیا وہ نا شائستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خان کو ان کے تبصرے کےلئے معافی مانگنی ہوگی۔


اس کے بعد اسپیکر نے ایک ایک کرکے کئی اراکین کو اس موضوع پر اپنی رائے رکھنے کی اجازت دی۔انہوں نے کہا کہ جو بھی چاہے اس مسئلے پر بول سکتا ہے۔برسر اقتدارپارٹی کے کئی اراکین نے خان کو معطل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔کئی اراکین اوروزرانے اسپیکر سے سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مستقبل میں کوئی اور اس طرح کا برتاؤں نہ کرسکے۔

خواتین و اطفال کے فلاح و بہبود کی وزیر سمریتی ایرانی نے کہا کہ آج تک پارلیمنٹ میں کسی نے اس طرح کی حرکت نہیں کی ہے۔پورے ملک نے دیکھا کہ کس طرح پورا ایوان شرمسار ہوا۔انہوں نے کہا’’ہم خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے۔رکن پارلیمنٹ ہونے کے ناطے ہمیں ملے خصوصی اختیار کا غلط استعمال نہیں کیاجاسکتا۔‘‘


قانون اور انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ اسپیکر کی نشست پر براجمان رکن کےلئے جس طرح کی زبان کا استعمال کیاگیا وہ شرمندگی سے بھرا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کی جمہوریت ایوان کی طرف دیکھ رہی ہے۔سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے۔اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجانا چاہئے۔

پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے اراکین سے ایوان کا معیار برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ بغیر کسی لیکن ،مگرکے اس حرکت کی مذمت کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ایوان کو اسپیکر پر پورا بھروسہ ہے اور ساتھ ہی اسپیکر سے ایسی کارروائی کرنے کی اپیل ہے جو ایک مثال بن سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jul 2019, 5:10 PM