دہلی میں گرمی نے توڑے پچھلے 5 سالوں کے ریکارڈ، اگلے 24 گھنٹوں میں راحت کی امید

ملک کی بات کریں تو موسمیات سے وابستہ نجی پیشن گوئی کرنے والی کمپنی اسکائی میٹ کے مطابق پیر کے روز راجستھان کے شری گنگا نگر میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں پیر کے دن موسم کا سب سے گرم دن رہا اور جون مہینے میں پچھلے پانچ سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے صفدر جنگ موسم مرکز پر درجہ حرارت 44.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم میں سب سے زیادہ ہے۔

ساتھ ہی یہ سال 2014 کے بعد جون مہینے میں اس مرکز پر سب سے زیادہ درجہ حرارت بھی ہے۔ سال 2014 میں یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 جون کو 45.5 ڈگری درج کیا گیا تھا۔ وہیں پالم میں دوپہر ڈھائی بجے درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا۔ یہاں ریکارڈ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9 جون 2014 کو 47.8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا تھا۔ محکمہ موسمیات نے ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی کے چنندہ حصوں میں پیر اور منگل کے لئے ریڈ الارٹ جاری کیا ہے۔


ملک کی بات کریں تو موسمیات سے وابستہ نجی پیشن گوئی کرنے والی کمپنی اسکائی میٹ کے مطابق پیر کے روز راجستھان کے شری گنگا نگر میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ جبکہ بہار اور وسطی و مغربی علاقوں کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 47 ڈگری سیلسیس تک درج کیا گیا۔ شمالی ہندوستان میں درجہ حرارت 45-46 ڈگری سیلسس سے نزدیک رہا۔

دہلی اور ملحقہ علاقوں میں منگل کو قبل از مانسوس بارش ہونے کے ساتھ اس شدید گرمی سے نجات مل سکتی ہے۔ اسکائی میٹ کے ڈائریکٹر مہیش پلاوت نے کہا، ’’راجستھان میں تیز ہواؤں کی گردش کی وجہ سے منگل کی شام کو دہلی اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہوگی۔ اس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بارش بدھ اور جمعرات کو بھی ہوگی اور اس کے بعد لو نہیں چلے گی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی بحر عرب کے اوپر دباؤ کی وجہ سے پیر کی شام کو مغربی ساحل پر ایک گردابی طوفان آنے کے آثار ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔