دہلی میں ہوئی ’ہاٹ ایئر بیلون پرواز‘ کی شروعات، پرواز کے اوقات اور اخراجات کی جانکاری آئی سامنے
ڈی ڈی اے ’بیلون رائڈ‘ یعنی بیلو کی پرواز 4 مقامات پر مرحلہ وار طریقہ سے شروع کر رہا ہے۔ ان میں اسیتا پارک، بانسیرا پارک، یمنا اسپورٹس کمپلیکس اور کامن ویلتھ گیمس ولیج اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔

دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے ہفتہ (29 نومبر) سے راجدھانی دہلی میں پہلی بار ’ہاٹ ایئر بیلون رائڈ‘ یعنی بیلون پرواز کی شروعات کر دی ہے۔ اس کی شروعات اسیتا ایسٹ پارک سے ہوئی، جہاں لوگوں کو 100 سے 150 فٹ کی اونچائی تک لے جانے والے ’ٹیتھرڈ بیلون‘ میں بیٹھنے کا موقع ملا۔ اس پرواز میں جمنا کے نئے تعمیر شدہ سیلابی میدان، شہر کی اسکائی لائن اور آس پاس کی ہریالی کا خوبصورت نظارہ صاف طور پر نظر آتا ہے۔ یہ پہل ڈی ڈی اے کی جانب سے حال ہی میں جمنا سیلابی میدان واقع بانسیرا پارک میں کامیاب ٹرائلس کے بعد شروع کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 29 نومبر کو دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے خود ٹرائل فلائٹ کا جائزہ لیا تھا اور انہوں نے اسے دہلی والوں کے لیے پہلی بار انوکھا تجربہ بتایا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر انہوں نے اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ یہ پرواز مکمل طور سے تربیت یافتہ ماہرین کے ذریعہ چلائی جا رہی ہے اور تمام حفاظتی معیارات پر عمل کیا جا رہا ہے۔
اب بات کرتے ہیں کہ لوگوں کو یہ رائڈ، یعنی پرواز کہاں سے ملے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی ڈی اے اس پرواز کو 4 مقامات پر مرحلہ وار طریقہ سے شروع کر رہا ہے۔ ان میں اسیتا پارک (پہلا لوکیشن جہاں سے پبلک رائڈ شروع ہوئی ہے)، بانسیرا پارک، یمنا اسپورٹس کمپلیکس اور کامن ویلتھ گیمس ولیج اسپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ رائڈ کے دوران بیلون تقریباً 120 فٹ کی اونچائی تک جاتا ہے، جہاں سے یمنا ریور فرنٹ، پارک اور شہر کے اہم مقامات واضح طور پر نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ بیلون رائڈ 29 نومبر سے اسیتا پارک میں عام لوگوں کے لیے شروع ہو چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹکٹ کی قیمت تقریباً 3000 روپے رکھی گئی ہے اور اس کے ساتھ فی شخص جی ایس ٹی بھی رکھی گئی ہے۔ پائلٹ کے ساتھ ایک بیلون کی ٹوکری میں ایک بار میں 3 سے 5 لوگ بیٹھ سکتے ہیں۔ حالانکہ ضرورت اور مطالبہ کے حساب سے بڑی ٹوکری بھی لگائی جا سکتی ہے، جس میں 8 سے 10 لوگ ایک ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔ رائڈ کے اوقات روزانہ دوپہر 3:30 بجے سے شام 7 بجے تک رکھے گئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں سروس دھیرے دھیرے بانسیرا، یمنا اسپورٹس کمپلیکس اور کامن ویلتھ گیمس اسپورٹس کمپلیکس تک بڑھائی جائے گی۔
سوال یہ ہے کہ بیلون رائڈ اتنا خاص کیوں ہے؟ اس کی کچھ خوبیاں ہیں جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں۔ اس میں 360 ڈگری پینورمک ویو، محفوظ اور کنٹرول شدہ اونچائی، ماہر پائلٹ اور سخت سیکورٹی چیک، خاندانوں، سیاحوں اور ایڈونچر سے محبت کرنے والوں کے لیے بہترین تجربہ۔ اس نئی شروعات کے ساتھ دہلی ان چنندہ گلوبل شہروں میں شامل ہو گیا ہے، جہاں شہر کے درمیان ’اربن بیلوننگ‘ کا تجربہ دستیاب ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔