مریض کا اسپتال میں داخل ہونا ضروری نہیں، میڈیکل کلیم مسترد نہیں کیا جا سکتا، کنزیومر فورم کا اہم فیصلہ

کنزیومر فورم نے میڈیکل کلیم کے تعلق سے اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص 24 گھنٹے سے کم وقت کے لیے اسپتال میں زیر علاج رہے، تو بھی وہ بیمہ کا دعویٰ کر سکتا ہے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>

علامتی تصویر

user

قومی آوازبیورو

گاندھی نگر: کنزیومر فورم نے میڈیکل کلیم کے تعلق سے اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص 24 گھنٹے سے کم وقت کے لیے اسپتال میں زیر علاج رہے، تو بھی وہ بیمہ کا دعویٰ کر سکتا ہے۔ وڈودرا کے کنزیومر فورم نے ایک فیصلے میں انشورنس کمپنی کو انشورنس کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ نئی ٹکنالوجی کی آمد کی وجہ سے بعض اوقات مریضوں کا علاج کم وقت میں یا اسپتال میں داخل کیے بغیر بھی ہوتا ہے۔

کنزیومر فورم نے یہ حکم وڈودرا کے رہائشی رمیش چندر جوشی کی عرضی پر دیا ہے۔ جوشی نے 2017 میں نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ کمپنی نے ان کے انشورنس کلیم کی ادائیگی سے انکار کر دیا تھا۔

جوشی کی بیوی کو بیماری کے بعد وڈودرا کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ علاج کے بعد اگلے دن انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔ علاج کے بعد جوشی نے 44468 روپے کا میڈیکل کلیم دائر کیا لیکن انشورنس کمپنی نے اسے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ مریض کو اصول کے مطابق 24 گھنٹے تک داخل نہیں کیا گیا تھا۔


جوشی نے کنزیومر فورم میں شکایت درج کرائی اور دستاویزات پیش کیں کہ ان کی بیوی کو 24 نومبر 2016 کو شام 5.38 بجے داخل کرایا گیا تھا اور اگلے دن 25 نومبر کو شام 6.30 بجے اسے چھٹی دے دی گئی تھی۔ اس طرح وہ 24 گھنٹے سے زیادہ اسپتال میں رہیں۔

کنزیومر فورم نے اپنے تبصرے میں کہا کہ اس وقت نئی ٹیکنالوجی متعارف ہونے کی وجہ سے مریض کو 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں علاج فراہم کیا جا سکتا ہے۔ فورم کا کہنا تھا کہ ’’پہلے دور میں لوگ علاج کے لیے طویل عرصے تک اسپتال میں داخل ہوتے تھے لیکن نئی ٹیکنالوجی کے آنے سے مریضوں کا علاج اسپتال میں داخل کیے بغیر یا کم وقت میں کیا جا سکتا ہے۔‘‘

فورم کا مزید کہنا تھا کہ ’’اگر نئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے مریض کو اسپتال میں داخل نہیں کیا جاتا یا داخلے کے بعد کچھ ہی عرصے میں اس کا علاج کیا جاتا ہے تو انشورنس کمپنی یہ کہہ کر کلیم کو مسترد نہیں کر سکتی کہ مریض کو اسپتال میں داخل نہیں کیا گیا تھا۔‘‘

فورم نے مزید کہا کہ انشورنس کمپنی یہ فیصلہ نہیں کر سکتی کہ مریض کو اسپتال میں داخل کرنا ضروری ہے یا نہیں۔ مریض کی حالت کی بنیاد پر یہ فیصلہ صرف ڈاکٹر ہی لے سکتا ہے۔ فورم نے بیمہ کمپنی کو حکم دیا کہ وہ جوشی کو 44468 روپے، کلیم مسترد ہونے کی تاریخ سے 9 فیصد سود کے ساتھ ادا کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔