کرناٹک میں خوفناک سڑک حادثہ: بس اور ٹرک کی ٹکر میں 12 سے زائد مسافروں کی موت
بنگلورو سے گوکرنا جا رہی پرائیویٹ سلیپر بس کو سامنے سے آرہے ٹرک نے ٹکر ماردی۔ حادثے میں ٹرک کا کچھ حصہ بھی جل گیا، موقع پر ہی ڈرائیور کی موت ہوگئی ۔ بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت 32 افراد سوار تھے۔

کرناٹک کے چتردرگا ضلع میں جمعرات کی صبح ایک المناک سڑک حادثے میں 12 سے زیادہ افراد زندہ جل گئے، جس سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیریور تعلقہ کے گورلاتو علاقے میں ایک پرائیویٹ سلیپر بس اور ٹرک میں زبردست ٹکر ہوئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں بھیانک آگ لگ گئی اور مسافر اندر پھنس گئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 12 بجے کے قریب پیش آیا۔ پرائیویٹ سلیپر بس بنگلورو سے گوکرنا جا رہی تھی، تبھی راستے میں سامنے سے آرہے ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں ٹرک کا کچھ حصہ بھی جل گیا، ڈرائیورکی موقع پر ہی موت ہوگئی، بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت کل 32 افراد سوار تھے۔
گاڑیوں کی ٹکر اتنی بھیانک تھی کہ بس اور ٹرک دونوں میں آگ لگ گئی۔ آگ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث متعدد مسافر بس کے اندر ہی پھنس گئے اور انہیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل پایا جس سے ان کی موقع پرالمناک موت واقع ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی شیوکمار جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ مقامی لوگوں اور فائر بریگیڈ کے عملے کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔
زخمی مسافروں کو ابتدائی طور پر چتردرگا ضلع اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ان میں سے دو شدید زخمی ہیں اور انہیں مزید علاج کے لیے بنگلور ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں تیزرفتاری یا غفلت کا پتہ چلتا ہے، حالانکہ سرکاری تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔