سرکاری پروگرام میں پھر دکھائی دی بی جے پی کارکنان کی غنڈہ گردی، گڈکری کے سامنے ہوئی بدتمیزی

یہ پہلی بار ہے جب تلنگانہ میں کسی سرکاری پروگرام میں اس طرح کا واقعہ ہوا ہے، یہ ریاست میں ٹی آر ایس اور مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کے درمیان جاری سیاسی رسہ کشی کا نتیجہ تصور کیا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایک بار پھر سرکاری پروگرام میں بی جے پی کے کارکنان کی کھلی غنڈہ گردی سامنے آئی ہے۔ واقعہ تلنگانہ کا ہے جہاں قومی شاہراہ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے منعقد ایک تقریب میں بی جے پی کارکنان نے ’جئے شری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے تلنگانہ کے ایک وزیر کی تقریر کو رخنہ انداز کر دیا۔ یہ سب کچھ مرکزی وزیر نتن گڈکری، جی. کشن ریڈی اور وی. کے. سنگھ کی موجودگی میں ہوا۔

سنگ بنیاد تقریب میں جیسے ہی تلنگانہ کے سڑک اور رہائش کے وزیر ویمولا پرشانت ریڈی نے اپنی تقریر شروع کی تو ’جئے شری رام‘ کے نعرے لگاتے ہوئے بی جے پی کارکنان نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ کثیر تعداد میں موجود بی جے پی کارکنان نعرہ بازی کرنے لگے۔ اس واقعہ سے شمش آباد میں راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پاس جی ایم آر ایرینا میں منعقد تقریب میں بدانتظامی ہو گئی۔


مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹیشن اور شاہراہ نتن گڈکری کے ذریعہ تلنگانہ میں مختلف قومی شاہراہ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ایسے میں مرکزی وزیر جی. کشن ریڈی نے بی جے پی کارکنان سے سرکاری رپوگرام میں نعرے نہیں لگانے کی اپیل کرنے کے لیے مداخلت کی، لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔

اس سے قبل مغربی بنگال میں کئی سرکاری رپوگراموں میں ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا ہے۔ یہ پہلی بار ہے جب ریاست میں کسی سرکاری پروگرام میں اس طرح کا واقعہ پیش آیا ہو۔ یہ تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کے لیڈروں اور ریاست میں اپوزیشن بی جے پی کے درمیان مختلف ایشوز پر چل رہی رسہ کشی کا نتیجہ معلوم پڑتا ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کے ذریعہ تلنگانہ کے تئیں تفریق آمیز رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹی آر ایس لیڈر بھگوا پارٹی پر نشانہ سادھتے رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر ایک کنبہ کی حکومت اور ریاست میں مبینہ بدعنوانی کو لے کر ٹی آر ایس پر حملہ کرتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔