الورمیں ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ گروہ کا پردہ فاش، خاتون سمیت 3 ملزمین گرفتار
پولیس نے ملزم وسیم خان عرف موسیٰ میو (18 سال) ساکن وجے مندر، پریانشو چودھری عرف گودھو (21 سال) ساکن این ای بی اور خاتون ملزم شہرونا (33 سال) کو گرفتار کیا ہے

راجستھان الور میں پولیس نے اغوا کرنے، فحش ویڈیوز اور تصاویر بنانے، ڈاکٹر کو عصمت دری کے جھوٹے کیس میں پھنسانے کی دھمکی دینے اور 30 لاکھ روپے کا مطالبہ کرنے کے الزام میں ایک خاتون سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ گروہ ماضی میں بھی اسی طرح کی کئی وارداتیں کر چکا ہے۔
ایس پی سدھیر چودھری نے بتایا کہ بدھ کو خاتون ملزم شہرونا نے علاج کے بہانے ایک ڈاکٹر کو اپنے گھر پر بلایا۔ جیسے ہی ڈاکٹر آر ٹی او آفس کے قریب خاتون کے بتائے ہوئے پتے پر پہنچا، وہ اس کے جال میں پھنس گیا۔ خاتون کے ساتھ مل کر وسیم خان عرف موسیٰ اور پریانشو چودھری عرف گودھو نے اسے زبردستی یرغمال بنا لیا۔
جیسے ہی وہ کمرے میں داخل ہوا، ملزمین نے ڈاکٹر کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی اور اس کے کپڑے پھاڑ دیئے۔ زیر جامہ میں کھڑا کر کے خاتون کے ساتھ اس کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز بنا لی گئیں۔ اس کے بعد ملزمین نے بلیک میلنگ کا کھیل شروع کر دیا۔ انہوں نے 30 لاکھ روپے نہ دینے کی صورت میں اسے عصمت دری کے جھوٹے کیس میں پھنسا کر برباد کرنے کی دھمکی دی۔ اس دوران ملزمین نے ڈاکٹر کا سامان اور کچھ رقم چھین کر سڑک پر پھینک دیئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی الور کے ایس پی سدھیر چودھری نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور فوری کارروائی کا حکم دیا۔ تھانہ انچارج شیوا جی ونود سماریہ اور اسٹیشن آفیسر وجے مندر بھرت لال کی قیادت میں خصوصی ٹیموں کی تشکیل کی گئی۔ پولیس ٹیموں نے انٹیلی جنس اور تکنیکی مدد سے تینوں ملزمین کو محض 12 گھنٹے کے اندرگرفتار کر لیا۔ جب پولیس ٹیم ملزم پریانشو عرف گودھو کو پکڑنے گئی تو انہیں پتہ چلا کہ اس نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے اپنا سر منڈوا لیا تھا۔
پولیس نے ملزم وسیم خان عرف موسیٰ میو (18 سال) ساکن وجے مندر، پریانشو چودھری عرف گودھو (21 سال) ساکن این ای بی اور خاتون ملزم شہرونا (33 سال) کو گرفتار کیا ہے۔ خاتون کی دو شادیاں ہو چکی ہیں۔ مرکزی ملزم پریانشو چودھری عرف گودھو کا طویل مجرمانہ ریکارڈ ہے، اس کے خلاف حملہ، دھمکی دینے اور ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت کئی تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے ملزم سے جرم میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور شکایت کنندہ کا سونے کا لاکٹ بھی برآمد کر لیا ہے۔