ہوم گارڈ گھوٹالہ سے متعلق دستاویزات ’مشتبہ آگ‘ میں خاکستر! 5 افسران گرفتار

قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز گوتم بدھ نگر میں ڈسٹرکٹ کمانڈنٹ ہوم گارڈ آفس میں آگ لگ گئی تھی جس میں ہوم گارڈ کے سیلری ماسٹر رول سمیت گھپلے سے متعلق دیگر اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہوگئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: نوئیڈا میں ہوم گارڈ ڈیوٹی گھوٹالہ سے متعلق دستاویزات کے جل کر خاکستر ہوجانے کے معاملے میں اترپردیش پولس کی جانب سے اعلی سطحی جانچ کی سفارش کے درمیان بدھ کے روز گوتم بدھ نگر پولس نے اسکیم کے تعلق سے پانچ ہوم گارڈ افسران کو گرفتار کیا ہے۔

یو پی ڈی جی پی او پی سنگھ نے بدھ کو کہا کہ منگل کے روز گوتم بدھ نگر میں ضلع کامنڈنٹ ہوم گارڈ دفتر میں آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کے لئے اعلی سطحی جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی ذمہ داری گجرات کی ایک فورینسک ٹیم کو دی گئی ہے، جو کہ آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ لگائے گی۔ او پی سنگھ نے مزید کہا ’’حکومت نے ہوم گارڈ ڈیوٹی معاملے کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بذات خود اس پورے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔


وہیں ایس ایس پی گوتم بدھ نگر ویبھو کرشنا نے ریاستی پولس ہیڈکوارٹر کو بدھ کے روز بھیجے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ ڈویژنل کمانڈنٹ ہوم گارڈ رام نارائن چورسیا،اسسٹنٹ کمپنی کمانڈر ستیش، پلاٹون کمانڈر منٹو ستویش اور شیلندر کو ہوم گارڈ ڈیوٹی اسکیم کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز گوتم بدھ نگر میں ڈسٹرکٹ کمانڈنٹ ہوم گارڈ آفس میں آگ لگ گئی تھی جس میں ہوم گارڈ کے سیلری ماسٹر رول سمیت گھپلے سے متعلق دیگر اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہوگئے۔ گزشتہ 13 نومبر کو پولس نے ہوم گارڈ ڈیپارٹمنٹ کے کروڑ وں روپئے کے مبینہ گھوٹالہ کا پردہ فاش کیا تھا۔ الزام ہے کہ متعدد ہوم گارڈ جنہوں نے مہینے میں صرف 15 تا 20 دن کام کیا ہے ان کے فرضی کام دکھا کر ان کے نام سے سیلری نکالی گئی ہے۔


پولس کے مطابق آگ کا پورا معاملہ ایک طرح کا مجرمانہ فعل ہے کیونکہ روم میں صرف سیلری سے متعلق دستاویزات کو نقصان پہنچا ہے۔ اس ضمن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور جانچ کی سفارش کی گئی ہے۔ پولس کے مطابق ڈسٹرکٹ کمانڈنٹ ہوم گارڈ آفس میں آگ لگی لیکن حیرت انگیز طور پر جو ریکارڈ بکسے میں تھے وہ جل گئے لیکن بکسے پر آگ کا کوئی نشان نہیں ہوا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی نے بکسے کا تالا کھول کر سیلری ماسٹر رول کو آگ کے حوالہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Nov 2019, 4:17 PM