مورخ رام چندر گوہا نے گوا میں ’بیف‘ کھا کر منایا جشن، بی جے پی چراغ پا

بی جے پی بیف کی مخالفت کرتی رہی ہے اور کئی بی جے پی حکمراں ریاستوں میں بیف پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ لیکن گوا میں بی جے پی حکومت ہونے کے باوجود یہاں اس کے کھانے پر کسی بھی طرح کی پابندی نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مشہور و معروف مورخ رام چندر گوہا نے ایک ایسی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس سے بی جے پی لیڈران ناراض نظر آ رہے ہیں۔ دراصل معاملہ گوا کا ہے جہاں رام چندر گوہا نے ایک ریسٹورینٹ میں بیف کھا کر اس کی تصویر سوشل میڈیا پر یہ کہتے ہوئے شیئر کر دی کہ وہ ’’بی جے پی حکمراں ریاست میں بیف کھا کر جشن منا رہے ہیں۔‘‘

رام چندر گوہا نے یہ تصویر اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ڈالی ہے جس کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اولڈ گوا میں سحر انگیز صبح گزارنے کے بعد ہم نے پنجی میں لنچ کیا۔ چونکہ گوا بی جے پی حکمراں ریاست ہے اس لیے جشن کے طور پر میں نے بیف کھانے کا فیصلہ کیا۔‘‘ اس ٹوئٹ کے بعد بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ بلبیر پنج نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے گوہا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’آپ بیف کھا کر اور سوشل میڈیا پر تصویریں پوسٹ کر کے لنچ کا مزہ نہیں لے رہے ہیں، آپ قصداً لاکھوں لوگوں کی عقیدت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’یہ دیکھنا مشکل نہیں ہے کہ آپ کی ’سیکولر‘ ذہنیت نے کس طرح آپ کو بے حس انسان میں بدل دیا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ بی جے پی اصولی طور پر بیف کی مخالفت کرتی رہی ہے اور کئی بی جے پی حکمراں ریاستوں میں بیف پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ لیکن گوا میں بی جے پی حکومت ہونے کے باوجود یہاں اس کے کھانے پر کسی بھی طرح کی پابندی نہیں ہے۔ اپنی بات ہمیشہ کھل کر لوگوں کے سامنے رکھنے والے تاریخ داں رام چندر گوہا نے اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گوا میں بیف کھایا اور اس کی تشہیر سوشل میڈیا پر بھی کر دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Dec 2018, 3:09 PM