ہندؤوں اور مسلمانوں کے آبا و اجداد ایک، ہر ہندوستانی ’ہندو‘ ہے! آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت

پونے کی ایک تنظیم کی زیر انتظام منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ لفظِ ہندو مادرِ وطن، آبا و اجداد اور ہندوستانی ثقافت کے مشابہ ہے

موہن بھاگوت، تصویر یو این آئی
موہن بھاگوت، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پونے: راشٹریہ سوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ ہندؤوں اور مسلمانوں کے آبا اور ہر بھارتیہ (ہندوستانی) ہندو ہے۔ پونے میں گلوبل اسٹریٹجک پالیسی فاؤنڈیشن نامی تنظیم کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں انہوں نے پیر کے روز کہا کہ دانشمند مسلم رہنماؤں کو قدامت پسندوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہو جانا چاہیئے۔

بھاگوت نے کہا، ’’لفظ ہندو مادر وطن، آبا و اجداد اور ہندوستانی ثقافت کے مشابہ ہے۔ یہ دیگر نظریات کی بے حرمتی نہیں ہے۔ ہمیں مسلم تسلط کے بارے میں نہیں بلکہ ہندوستانی تسلط کے بارے میں سوچنا ہے۔’’ بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان کی جامع ترقی کے لئے ہر ایک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔


انہوں نے کہا، ’’اسلام حملہ آوروں کے ساتھ آیا۔ یہ تاریخ ہے اور اسی شکل میں بتائی جانی چاہیئے۔ دانشمند مسلم رہنماؤں کو غیر ضروری ایشوز کی مخالفت کرنا چاہئے اور قدمت پسندوں اور انتہا پسندوں کے خلاف مضبوطی کے ساتھ کھڑا رہنا چاہئے۔ جتنا جلدی ہم یہ کریں گے، سماج کو اتنا ہی کم نقصان ہوگا۔‘‘

آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ ہندوستان بطور سپر پاور کسی کو خوف زدہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا، ’’لفظِ ہندو ہمارے مادرِ وطن، آبا و اجداد اور ہندوستانی ثقافت کی وراثت کے خزانے کے مشابہ ہے اور ہر ہندوستانی ہندو ہے۔ ہندؤوں اور مسلمانوں کے آبا و اجداد ایک ہی تھے۔‘‘


اس تقریب میں کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان اور کشمیر سینٹرل یونیورسٹی کے چانسلر لیفٹیننٹ سید عطا حسین (سبکدوش) بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عرف محمد خان نے کہا، ’’تنوع سے ترقی یافتہ سماج تعمیر ہوتا ہے اور ہندوستانی ثقافت سبھی کے ساتھ یکساں سلوک کرتی ہے۔‘‘ سید عطا حسنین نے کہا، ’’مسلم دانشوروں کو ہندوستانی مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی پاکستان کی کوشش کو ناکام بنانا چاہیئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 07 Sep 2021, 9:19 AM