گاندھی کے پُتلے کو گولی مارنے والی پوجا شکون نے ٹاپرس طلبا میں تقسیم کئے چاقو اور تلوار

ہندو مہاسبھا کی قومی سکریٹری متازعہ پوجا شکون پانڈے نے اپنے علاقہ کے ان بچوں کو چاقو اور تلوار تقسیم کئے ہیں جنہوں نے اسکول میں اچھے نمبر حاصل کئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک کدھر جا رہا ہے، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز ہے یا نہیں، ملک میں بچوں کا کیا مستقبل ہے؟ یہ وہ سوال ہیں جن کا کوئی جواب نظر نہیں آ رہا ہے۔ گزشتہ سال دو اکتوبر یعنی گاندھی جینتی کے موقع پر مہاتما گاندھی کے پتلہ کو گولی مارنے والی پوجا شکون پانڈے ایک مرتبہ پھر خبروں میں ہے۔

ہندو مہاسبھا کی قومی سکریٹری پوجا شکون پانڈے نورنگ آباد علاقہ کی رہنے والی ہیں اور اس مرتبہ انہوں نے اپنے علاقہ کے الگ الگ اسکولوں میں اعلی نمبر حاصل کرنے والے بچوں کو چاقو تلوار تحفہ میں دیے ہیں۔ ان بچوں میں زیادہ تر طالب علم چھٹی کلاس سے دسویں کلاس تک کے ہیں۔


واضح رہے کہ منگل کو ویر ساور کر کی یوم پیدائش کے موقع پر پوجا نے اپنے گھر پر ہی ایک تقریب کا انعقاد کیا اور وہیں پر ان بچوں کو بلایا جنہوں نے الگ الگ اسکولوں میں اعلی نمبر حاصل کئے ہیں۔ اس موقع پر جہاں اپنی حفاظت کے لئے بچوں کو چاقو تلوار دئے گئے وہیں قوم پرستی کے موضوع پر ایک کتاب بھی دی گئی۔ بھگوا رنگ کی اس کتاب پر پوجا شکون پانڈے اور ویر ساورکر کی تصویر ہے۔ ان بچوں کو گیتا بھی دی گئی۔۔ اس کے بعد یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ ہم مستقبل کے ہندوستان کو کیا دے رہے ہیں اور ان کی کس طرح کی ذہن سازی کر رہے ہیں۔

اس تقریب میں بچوں کو صرف چاقو تلوار اور کتاب ہی نہیں دی گئی بلکہ ویر ساور کر کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا اور بچوں کو قومی حفاظت کی تبلیغ بھی دی گئی۔ واضح رہے گزشتہ سال گاندھی کے پتلے کو گولی مارنے کے بعد پوجا اور ان کی ایک ساتھی کو جیل ہو گئی تھی آج پوجا نے ان کے ساتھ جیل جانے والی ساتھی کو بھی اعزاز سے نوازا۔ اس خاتون کو ایک تلوار پیش کی گئی۔ اگر ایسے عناصر پر روک نہیں لگی تو ملک کا ماحول بہت خراب ہو جائے گا۔ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ جن بچوں کو چاقو تلوار دئے گئے ہیں وہ تعلیم میں اچھا کر رہے ہیں لیکن ایسے تحفہ حاصل کر نے کے بعد ان کی سوچ پر کیا اثر پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔