ہماچل پردیش: بارش نے پھر بڑھائی مشکلات، 400 سڑکیں بند، آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ

منڈی ضلع کے 221 اور کلو سے ملحقہ 102 سڑکیں بند ہیں۔ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) نے کہا کہ قومی شاہراہ 3 (منڈی-دھرم پور روڈ) اور قومی شاہراہ 305 (اوٹ-سینج روڈ) بھی بند ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ہماچل پردیش میں بارش کا منظر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہماچل پردیش کے کچھ حصوں میں درمیانی سے شدید بارش کی وجہ سے 2 قومی شاہراہوں سمیت کُل 400 سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ یہ اطلاع افسران نے اتوار (24 اگست) کو دی، انہوں نے بتایا کہ منڈی ضلع کے 221 اور کلو سے ملحقہ 102 سڑکیں بند ہیں۔ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) نے کہا کہ قومی شاہراہ 3 (منڈی-دھرم پور روڈ) اور قومی شاہراہ 305 (اوٹ-سینج روڈ) بھی بند ہے۔

مقامی محکمہ موسمیات کی جانب سے 30 اگست تک ریاست کے 2 سے 7 اضلاع کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ہفتہ (23 اگست) کی رات سے ریاست کے کئی حصوں میں درمیانی سے شدید بارش ہوئی ہے۔ پنڈوہ میں سب سے زیادہ 123 ملی میٹر، کسولی میں 105 ملی میٹر، جوت میں 104.6 ملی میٹر، منڈی اور کرسوگ میں 68 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نادون میں 52.8، جوگیندرنگر میں 54، بگّی میں 44.7، دھرم پور میں 44.6، بھٹّیات میں 40.6، پالمپور میں 33.2، نیری میں 31.5 اور سراہن میں 30 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔


ایس ای او سی نے بتایا کہ ہماچل پردیش میں 20 جون کو مانسون کی شروعات کے بعد سے کم از کم 152 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 37 لاپتہ ہیں۔ ریاست میں اب تک 75 بار اچانک سیلاب آنے، 40 بار بادل پھٹنے اور 74 بڑے لینڈ سلائڈنگ کے معاملات ہو چکے ہیں اور کُل 97 پاور سپلائی ٹرانسفارمر اور 51 واٹر سپلائی اسکیمیں متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہماچل پردیش کو بارش سے متعلق واقعات میں 2347 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ریاست میں مانسون کے دوران یکم جون سے 24 اگست تک معمول سے 16 فیصد سے زیادہ 662.3 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ اوسط بارش 571.4 ملی میٹر ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔