ہماچل پردیش: لینڈ سلائڈنگ کے سبب 103 کروڑ روپے کا نقصان، 21 مکانات اور 6 گئوشالائیں متاثر، 301 سڑکیں پوری طرح بند

بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب کانگڑا ضلع میں 15 مکانات اور 2 گئوشالائیں، منڈی میں 5 مکانات اور 2 گئوشالائیں، حمیر پور میں ایک مکان اور ایک گئوشالہ، اور اونا ضلع میں ایک گئوشالہ کو نقصان پہنچا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ہماچل پردیش میں گزشتہ کچھ دنوں سے ہو رہی لگاتار بارش کے سبب مشکل حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ پیر کے روز ریاست میں لینڈ سلائڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی وجہ سے تقریباً 103 کروڑ روپے کے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ شدید بارش کے سبب 21 مکانات اور 6 گئوشالاؤں کو بھی نقصان پہنچنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ہماچل میں شدید بارش سے پیدا مشکل حالات کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 301 سڑکیں پوری طرح بند ہیں، یعنی ان پر آمد و رفت ٹھپ ہے۔ اتنا ہی نہیں، 842 ڈرنکنگ واٹر پروجیکٹ متاثر ہوئے ہیں اور 235 ٹرانسفارمر بھی خربا ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے بجلی فراہمی رخنہ انداز ہے۔

ہماچل پردیش میں تین دنوں سے لگاتار رک رک کر ہو رہی بارش سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب کانگڑا ضلع میں 15 مکانات اور 2 گئوشالائیں، منڈی میں 5 مکانات اور 2 گئوشالائیں، حمیر پور میں ایک مکان اور ایک گئوشالہ، اور اونا ضلع میں ایک گئوشالہ کو نقصان پہنچا ہے۔ اتوار کی دیر شب سے بارش کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے۔ اس بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر مکئی کی فصل اور کھیت بہہ گئے ہیں۔


واضح رہے کہ دھرمشالہ میں اتوار کی شام تقریباً 5 بجے سے لے کر پیر تک 106.6 ملی میٹر، منڈی میں 56 اور پانوٹا صاحب میں 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ منڈی ضلع میں نولائے پنچایت کے ساتھ ملحق چاہل گاؤں کی ایک خاتون نالے میں بہہ گئی۔ 55 سالہ منی دیوی گھر سے کچھ دور گئوشالہ میں تھی۔ پیر کے روز پولیس اور این ڈی آر ایف کی ٹیم نے لاپتہ خاتون کو نالے کے کنارے تلاش کیا، لیکن اس کا کہیں پتہ نہیں چلا۔

دوسری طرف بلاس پور ضلع میں بارش سے محکمہ تعمیرات عامہ کو 80 لاکھ روپے اور جل شکتی محکمہ کو 2 دن میں 40 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ضلع میں کئی مقامات پر مکئی کی فصل برباد ہو گئی ہے اور بیت الخلاء بھی منہدم ہو گئے ہیں۔ ضلع میں جل شکتی محکمہ کے 17 پروجیکٹ متاثر ہوئے ہیں۔ بہرحال، محکمہ موسمیات نے 6 ضلعوں چمبا، کانگڑا، کلو، شملہ، سرمور اور منڈی میں 27 جون کو بھی شدید بارش اور سیلاب کی پیشین گوئی کی ہے۔ لوگوں کے لیے ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔