ہماچل پردیش: کُلّو میں لینڈ سلائڈ سے دو مکان تباہ، ملبے میں دب کر 5 لوگوں کی موت، 3 زخمی
لینڈ سلائڈ حادثے میں شیورام کا پورا کنبہ متاثر ہوا ہے۔ 10 گھنٹے کی تلاش کے بعد ریسکیو ٹیم نے 5 لاشوں کو برآمد کیا۔ انتظامیہ نے لوگوں سے محفوظ مقامات پر پناہ لینے اور چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔

ہماچل پردیش کے کُلّو ضلع کے شرمانی گاؤں میں دیر رات لینڈ سلائڈ سے دو مکان منہدم ہو گئے۔ اس حادثے میں 5 لوگوں کی جان چلی گئی جبکہ 3 دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے نرمنڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
’نیوز 18‘ کی خبر کے مطابق حادثے میں ایک کنبہ کے 5 اراکین سمیت کُل 8 لوگ دب گئے تھے۔ 10 گھنٹے کی تلاش کے بعد 5 لاشوں کو برآمد کر لیا گیا جبکہ 3 زخمی افراد کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔
گھاٹو پنچایت کے پردھان بھوگا رام نے بتایا کہ انہیں رات تقریباً دو بجے مکان کے لینڈ سلائڈ کی زد میں آنے کی اطلاع ملی۔ خبر ملنے پر جائے حادثہ پر پہنچا تو دیکھا کہ لوگ ملبے میں دبے ہوئے تھے۔ اس حادثے میں شیورام کا پورا کنبہ متاثر ہوا ہے۔ نرمنڈ کے ایس ڈی ایم منموہن سنگھ نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
حادثے کے بعد کی تصویریں بھی سامنے آئی ہیں۔ ایک پہاڑی سے کافی بڑا لینڈ سلائڈ ہوا ہے۔ یہاں پر نیچے گھر پر ملبہ گرنے سے نالے جیسی کھائی نیچے تک بن گئی۔ 10 گھنٹے تک سرچ آپریشن کرکے این ڈی آر ایف اور پولیس ٹیم کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی متاثرین کی مدد کی۔
مہلوکین کی شناخت بریسٹی دیوی (50)، چنی لال (32)، انجو دیوی (25) بھوپیش (5)، جاگرتی (8) کے طور پر کی گئی ہے۔ وہیں زخمیوں میں شیو رام، دھرم داس، کلا دیوی شامل ہیں۔
لینڈ سلائڈ کے اس خوفناک واقعہ کے بعد گاؤں میں دہشت کا ماحول ہے۔ لوگ بُری طرح سے ڈرے سہمے ہوئے ہیں۔ لوگوں نے لینڈ سلائڈ کو لے کر مقامی انتظامیہ کو اطلاع دی اور خود ہی لینڈ سلائڈ کے بعد راحت اور بچاؤ کام میں لگے گئے۔ وہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ نرمنڈ علاقے میں شدید بارش کی وجہ سے حالات اور بھی سنگین بنے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور چوکس رہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔