ہماچل: برف باری سے معمولات زندگی بری طرح متاثر، 200 سڑکیں بند، 487 ٹرانسفارمر ٹھپ، کئی علاقوں میں بلیک آؤٹ

برف باری کی وجہ سے جاکھو کی پہاڑی سفید ہو گئی ہے، شہر میں ہلکی بوندا باندی کا دور اب بھی جاری ہے، کفری، نارکنڈا، کھڑاپتھر اور کھڑکی میں جمعرات کی شب سے ہی برف باری ہو رہی ہے۔

برف باری، تصویر یو این آئی
برف باری، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ہماچل پردیش میں موسم نے آفت کی شکل اختیار کر لی ہے۔ شملہ، چمبا، کلو، لاہول-اسپیتی، منڈی اور کنور میں کئی سنٹی میٹر برف باری ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ تازہ برف باری سے ریاست میں تین قومی شاہراہوں سمیت 200 سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے 487 ٹرانسفارمر بھی ٹھپ پڑ گئے ہیں جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بلیک آؤٹ کی حالت پیدا ہو گئی ہے۔ راجدھانی شملہ کی سب سے اونچی چوٹی جاکھو میں جمعہ کی صبح موسم کی پہلی برف باری ہوئی ہے جس ٹھنڈک میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برف باری کی وجہ سے جاکھو کی پہاڑی سفید ہو گئی ہے۔ شہر میں ہلکی بوندا باندی کا دور جاری ہے۔ کفری، نارکنڈا، کھڑاپتھر اور کھڑکی میں جمعرات کی شب سے ہی برف باری جاری ہے۔ اوپری شملہ کے لیے بسوں کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔ چھوٹی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی برف باری سے پیدا پھسلن کے سبب متاثر ہوئی ہے۔ راجدھانی شملہ میں سیزن کی پہلی برف باری کو دیکھنے کے لیے سیاحوں کا ہجوم امنڈ پڑا ہے اور شہر کے ہوٹلوں میں بکنگ بڑھ گئی ہے۔ اس برف باری سے کاروبار میں اضافہ ضرور ہوا ہے، لیکن کئی راستوں کے بند ہو جانے سے مشکلات کا سامنا بھی ہے۔


راجدھانی شملہ کے اوپری علاقوں میں برف باری کے بعد پولیس انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پولیس نے گاڑی ڈرائیورس کو ہدایت دی ہے کہ برف باری کے بعد نارکنڈا-باگھی-کھدرالا سڑک کی حالت پھسلن بھری ہو گئی ہے۔ یہ سڑکیں گاڑیوں کے لیے غیر محفوظ ہیں۔ سڑکیں جب تک صاف نہیں ہو جاتیں تب تک ان راستوں سے سفر نہ کریں۔ ایمرجنسی حالت میں محفوظ متبادل راستوں کا استعمال کریں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق منالی اور لاہول-اسپیتی میں صبح سے ہی برف باری کا دور جاری ہے۔ منالی شہر میں تقریباً 10 سنٹی میٹر برف باری ہو چکی ہے جب کہ ملحقہ گاؤں میں 20 سے 25 سنٹی میٹر برف باری ہوئی ہے۔ لاہول کے کوکسر میں 10 سنٹی میٹر، اٹل ٹنل کے نارتھ پورٹل میں 8 سنٹی میٹر، سسو میں 8 سنٹی میٹر، روہتانگ میں 30 سنٹی میٹر، گوندھلا میں 12 سنٹی میٹر، ساؤتھ پورٹل میں 25 سنٹی میٹر اور دارچا میں 12 سنٹی میٹر برف باری درج کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔