ہماچل پردیش میں سیلاب و بادل پھٹنے سے تباہی، کانگڑا میں 5 لاشیں برآمد، 3 افراد کی تلاش جاری

ہماچل پردیش کے کانگڑا اور کلّو میں بادل پھٹنے اور سیلاب کے بعد 5 لاشیں ملی ہیں، 3 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ بچاؤ مہم جاری، کیمپوں کے نالے کے قریب ہونے پر لاپروائی کا الزام

<div class="paragraphs"><p>ہماچل میں سیلاب کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

ہماچل میں سیلاب کی فائل تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا اور کلّو میں بدھ کے روز بادل پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب نے زبردست تباہی مچائی۔ اس واقعے کے بعد سے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، پولیس اور ہوم گارڈ کی مشترکہ ٹیمیں مسلسل بچاؤ اور تلاش کے کام میں لگی ہوئی ہیں۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق اب تک کانگڑا ضلع کے ایک ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سائٹ سے پانچ لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ تین دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ ان کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب کلّو کے علاقے ریہلا بہال میں بھی بادل پھٹنے کے بعد تین افراد لاپتہ ہو گئے تھے، جن کی تلاش کے لیے خصوصی مہم جاری ہے۔

چمبہ ضلع کی رہنے والی ایک خاتون، لَوَلی کو امدادی ٹیموں نے جنگل سے محفوظ نکالا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جس عارضی کیمپ میں تھیں، وہاں 13 لوگ موجود تھے۔ ان میں سے پانچ پہاڑی کی طرف دوڑ گئے، مگر باقی پانی کی زد میں آ گئے۔


ایک مزدور دیا کشن نے واقعے کے بارے میں بتایا، ’’ہم نے پانی کو آتے دیکھا اور نیچے موجود لوگوں کو چِلّا کر خبردار کیا، پھر خود بھی محفوظ مقام کی طرف بھاگ گئے۔‘‘

افسران کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث پروجیکٹ کا کام پہلے ہی روک دیا گیا تھا، اور مزدور عارضی کیمپوں میں آرام کر رہے تھے۔ اسی دوران منونی کھڈ اور قریبی نالوں کا پانی اچانک وہاں آ پہنچا، جس نے کئی مزدوروں کو بہا دیا۔ این ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ بلجندر سنگھ نے تصدیق کی ہے کہ ان کی ٹیمیں پروجیکٹ سائٹ کے آس پاس لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ادھر، دھرم شالہ سے بی جے پی کے ایم ایل اے سدھیر شرما نے الزام لگایا کہ مزدوروں کے کیمپ نالے کے بالکل قریب بنائے گئے تھے، اور خراب موسم کے باوجود انہیں وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل نہ کرنا سراسر لاپروائی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی مکمل جانچ ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

ریاستی حکومت نے بھی متعلقہ اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا ہے، اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئندہ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں فوری بچاؤ اور احتیاطی اقدامات کو ترجیح دیں۔ ریسکیو آپریشن ہفتے کو بھی جاری رہے گا، اور افسران نے امید ظاہر کی ہے کہ باقی لاپتہ افراد کو جلد تلاش کر لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔