ہماچل: مودی کے وزیر انوراگ ٹھاکر کے لوک سبھا حلقہ میں بری طرح ہاری بی جے پی، 17 میں سے 5 سیٹیں حاصل

مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے حلقے میں کل 17 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ ان میں سے کانگریس نے 10 سیٹیں جیتی ہیں، جبکہ دو نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کو صرف 5 سیٹیں ملی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج نے بی جے پی کے ہوش اڑا دیے ہیں جبکہ کانگریس پارٹی میں جشن منایا جا رہا ہے۔ ریاست کی کل 68 سیٹوں پر ہوئے انتخابات میں کانگریس نے 40 سیٹوں پر جیت درج کی ہے، جبکہ بی جے پی صرف 25 سیٹوں پر جیت درج کر سکی۔ یہاں عام آدمی پارٹی اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکی۔ ان نتائج کے ساتھ ہی بی جے پی ریاست کے اقتدار سے باہر ہو گئی ہے۔

لیکن اس سب کے درمیان حیران کن بات یہ تھی کہ جن سیٹوں پر بی جے پی سے بہت امیدیں تھیں وہاں پارٹی کی کارکردگی بہت مایوس کن رہی۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے پارلیمانی حلقے میں بی جے پی نے انتہائی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پارٹی وہاں صرف 5 سیٹیں جیت سکی۔ خیال رہے کہ، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے پارلیمانی حلقے میں کل 17 اسمبلی سیٹیں ہیں۔ ان میں سے کانگریس نے 10 سیٹیں جیتی ہیں، جبکہ دو نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کو صرف 5 سیٹیں حاصل ہو سکیں۔


سب سے اہم بات یہ ہے کہ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے آبائی گھر بھوراگنج میں بھی بی جے پی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ وہیں ان کے رہائشی علاقے ہمیر پور میں بھی بی جے پی کو شکست ہوئی۔ صرف اتنا ہی نہیں، سوجان پور کی وہ سیٹ جہاں سے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے والد اور ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ پریم کمار دھومل نے الیکشن لڑا تھا، وہاں بھی بی جے پی کو جیت نہیں مل سکی۔

ہمیر پور لوک سبھا حلقہ میں کانگریس نے 10 اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جن میں دھرپور، بھورا گنج، سوجان پور، برسر، ندوان، چنتا پورنی، گگریٹ، ہرولی، کٹ لہر اور گھمروین شامل ہیں۔ دھراپور میں کانگریس کے چندر شیکھر نے بی جے پی کے رجت ٹھاکر کو شکست دی ہے۔ بھوراگنج میں کانگریس کے سریش کمار نے بی جے پی کے انل دھیمان کو 60 ووٹوں سے شکست دی۔ سوجان پور میں کانگریس کے راجندر سنگھ نے بی جے پی کے رنجیت سنگھ رانا کو 401 ووٹوں سے شکست دی۔ بادسر میں کانگریس کے اندرا دت لکھن پال نے بی جے پی کی مایا شرما کو شکست دی۔ نداؤں میں کانگریس کے سکھویندر سنگھ نے بی جے پی کے وجے کمار کو شکست دی۔


وہیں، چنتا پورنی سیٹ پر کانگریس کے سدرشن سنگھ ببلو نے بی جے پی کے بلبیر سنگھ کو شکست دی۔ گگریٹ میں کانگریس کے چیتنیا شرما نے بی جے پی کے راجیش ٹھاکر کو شکست دی۔ ہرولی میں کانگریس کے مکیش اگنی ہوتری نے بی جے پی کے رام کمار کو شکست دی۔ کٹ لہر میں کانگریس کے دیویندر کمار نے بی جے پی کے ویریندر کنور کو شکست دی۔ گھماروین سے کانگریس کے راجیش دھرمانی نے بی جے پی کے راجندر گرگ کو شکست دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔